Times of Pakistan

ڈان 3 تنازع: رنویر سنگھ پر پابندی عائد، فرحان اختر کا کروڑوں روپے ہرجانے کا مطالبہ

9 hours ago 4
ARTICLE AD BOX

بولی ووڈ اداکار رنویر سنگھ اور ہدایتکار فرحان اختر کے درمیان فلم ”ڈان 3“ کو لے کر تنازع شدت اختیار کرگیا ہے۔ بھارتی فلم انڈسٹری کی تنظیم فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سنے ایمپلائز(ایف ڈبلیو آئی سی ای) نے رنویر سنگھ کے خلاف سخت ایکشن لیتے ہوئے ان کے ساتھ کام نہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق رنویر سنگھ نے فلم کی شوٹنگ شروع ہونے سے کچھ ہفتے پہلے اچانک فلم چھوڑ دی، جس کے باعث پروڈیوسرز کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا۔

ایف ڈبلیو آئی سی ای کے مشیر اشوک پنڈت نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فرحان اختر نے 11 اپریل کو شکایت درج کروائی تھی۔ ان کا کہناتھا کہ فلم کی تیاری پر کروڑوں روپے خرچ ہوچکے تھے لیکن شوٹنگ شروع ہونے سے صرف تین دن پہلے رنویر سنگھ الگ ہوگئے۔

اس معاملے پر ایکسل انٹرٹینمنٹ کے رتیش سدھوانی نے دفتر آکر جبکہ فرحان اختر نے لندن سے ویڈیو لنک کے ذریعے اپنا موقف پیش کیا۔

انہوں نے دستاویزات کے ہمراہ بتایا کہ پری پروڈکشن، ہوٹلوں کی بکنگ اور دو سو سے زائد ورکرز کے بیرون ملک سفر کی مد میں پینتالیس کروڑ بھارتی روپے خرچ ہو چکے ہیں۔ اسی بنیاد پر پروڈکشن ہاؤس نے رنویر سنگھ سے اس بھاری نقصان کے ازالے کا مطالبہ کیا ہے۔

اشوک پنڈت نے بتایا کہ رنویر نے مسلسل یاد دہانیوں کو نظر انداز کیا، تاہم تیئیس مئی کو ان کے سیکرٹری نے ایک ای میل بھیجی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ یہ معاملہ فیڈریشن کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا، اس لیے وہ انہیں طلب نہیں کر سکتے۔

اس جواب پر فیڈریشن کے صدر بی این تیواری نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ ہم انڈسٹری کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ کوئی بھی سپر اسٹار قانون سے بڑا نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب تک رنویر سنگھ خود آکر ہم سے نہیں ملتے، پورے بھارت میں ہمارا کوئی بھی کیمرہ مین، اسپاٹ بوائے یا ٹیکنیشن ان کے ساتھ کام نہیں کرے گا۔

دوسری جانب اس پابندی کے بعد رنویر سنگھ کے ترجمان کا وضاحتی بیان بھی سامنے آیا ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ رنویر کے دل میں فلم انڈسٹری اور ڈان فرنچائز سے وابستہ ہر فرد کے لیے بے پناہ عزت ہے۔ انہوں نے شعوری طور پر اس معاملے میں خاموشی کو ترجیح دی ہے کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ پیشہ ورانہ معاملات کو وقار، پختگی اور باہمی احترام کے ساتھ ہی سنبھالنا چاہیے۔ رنویر کا سارا دھیان اپنے کام پر ہے اور وہ بلاوجہ کی قیاس آرائیوں کا حصہ نہیں بننا چاہتے۔

رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا کہ رنویر سنگھ نے کمپنی کے ساتھ تین فلموں کا معاہدہ کیا تھا اور”ڈان 3“ کے اسکرپٹ اور پروموشنل شوٹ میں بھی حصہ لیا تھا۔

یاد رہے کہ رنویر سنگھ نے 2025 میں ”ڈان 3“ چھوڑنے کا فیصلہ کیا تھا۔ رپورٹس کے مطابق وہ فلم کی اسکرپٹ تبدیلیوں اور بار بار تاخیر سے ناخوش تھے۔

ادھر فرحان اختر نے بھی ایک انٹرویو میں کہا تھا،’جب تک کوئی فلم حقیقت میں مکمل نہ ہوجائے، کسی چیز کو یقینی نہیں سمجھنا چاہیے۔‘

Read Entire Article