ARTICLE AD BOX
دبئی ہمیشہ منفرد اور تخلیقی تجربات کے لیے جانا جاتا ہے، لیکن اس بار کچھ مزید انوکھا ہے۔ یہاں ایک ایسا کیفے قائم کیا گیا ہے جہاں خوشبو صرف محسوس ہی نہیں کی جاتی بلکہ اسے پیا بھی جا سکتا ہے۔ دبئی مال میں محدود مدت کے لیے کھولا گیا ”کےعلی“ کیفے روایتی کافی شاپ سے بالکل مختلف تصور پیش کر رہا ہے، جہاں معروف پرفیومز کی خوشبوؤں کو کافی اور ٹھنڈے مشروبات میں ڈھال کر صارفین کے سامنے پیش کیا جا رہا ہے۔
عام طور پر لوگ گھر سے نکلتے وقت اپنی پسندیدہ خوشبو لگا کر دن کا آغاز کرتے ہیں، مگر اس کیفے میں آنے والوں کو ونیلا 28، یم، ایڈن اور اوڈگزم جیسے مشہور پرفیومز سے متاثر مشروبات چکھنے کا موقع مل رہا ہے۔
یہ تصور دراصل خوشبو اور ذائقے کی دنیا کو ایک دوسرے کے قریب لانے کی کوشش ہے۔ اس سے قبل بھی کےعلی کی بانی مونا کٹن اپنی خوشبوؤں سے متاثر خصوصی ڈیزرٹس متعارف کرا چکی ہیں، جن میں لیچی، ناشپاتی اور دمشق گلاب جیسی خوشبوؤں کو مختلف میٹھے پکوانوں میں پیش کیا گیا تھا۔ اب اسی خیال کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے خوشبوؤں کو مشروبات کی شکل دے دی گئی ہے۔
کیفے کی سجاوٹ بھی اس تجربے کا اہم حصہ ہے۔ گلابی رنگوں سے مزین یہ جگہ اس انداز میں تیار کی گئی ہے کہ آنے والے نہ صرف مشروبات سے لطف اندوز ہوں بلکہ تصاویر اور ویڈیوز بنا کر انہیں سوشل میڈیا پر بھی شیئر کر سکیں۔ کیفے کے ہر حصے کو اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ وہ دیکھنے والوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرلیتا ہے اور لوگ کھنچے چلے جاتے ہیں۔
یہاں آنے والے افراد صرف مشروبات ہی نہیں آزما سکتے بلکہ کےعلی کی مکمل پرفیوم رینج بھی دیکھ سکتے ہیں، مختلف خوشبوؤں کو ایک دوسرے کے ساتھ ملا کر نئے امتزاج آزما سکتے ہیں اور اپنی پسند کے مطابق پرفیوم کی بوتل کو سجا بھی سکتے ہیں۔ اس طرح یہ جگہ کافی شاپ کے ساتھ ساتھ بیوٹی اور خوشبوؤں کے شوقین افراد کے لیے ایک انٹرایکٹو تجربہ بھی بن گئی ہے۔
صارفین کے لیے ایک خصوصی سرگرمی بھی رکھی گئی ہے۔ 125 درہم یا اس سے زیادہ کی خریداری پر انہیں ’کےعلی‘ کلا مشین استعمال کرنے کا موقع دیا جاتا ہے، جہاں خوشبوؤں کے نمونے، ٹریول اسپرے، خصوصی تحائف اور 18 قیراط سونے کا ہار جیتنے کا امکان موجود ہے۔
عراقی نژاد امریکی کاروباری شخصیت مونا کٹن نے 2018 میں کےعلی برانڈ کی بنیاد رکھی تھی۔ ان کے مطابق اس برانڈ کا تصور عرب دنیا میں خوشبوؤں کو تہہ در تہہ استعمال کرنے کی روایت سے متاثر ہے۔ ”کےعلی“ عربی زبان کا لفظ ہے جس کا مطلب ”میرا تصور“ یا ”میری خیالی دنیا“ ہے۔ چند ہی برسوں میں یہ برانڈ 30 ممالک تک اپنی رسائی بنا چکا ہے اور اس کے 20 سے زائد پرفیومز عالمی سطح پر فروخت ہو رہے ہیں۔
دبئی مال میں قائم یہ خصوصی کیفے صرف 29 جون تک کھلا رہے گا۔ اگرچہ یہ ایک عارضی منصوبہ ہے، لیکن اس نے یہ ضرور ثابت کیا ہے کہ آج کی دنیا میں خوشبو صرف لگانے کی چیز نہیں رہی بلکہ اسے ذائقے، ماحول اور یادگار تجربات کے ساتھ بھی جوڑا جا سکتا ہے۔
.png)
2 hours ago
1




English (US) ·