Times of Pakistan

نیتن یاہو کا امریکی فوجی امداد پر انحصار ختم کرنے کا ارادہ: اسرائیل کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کا اعلان

1 hour ago 4
ARTICLE AD BOX

اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو نے کہا ہے کہ وہ آئندہ دس برسوں میں اسرائیل کو امریکی فوجی مالی امداد پر انحصار سے آزاد کرنا چاہتے ہیں۔ امریکی نشریاتی ادارے سی بی ایس کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اسرائیل اور امریکا کے درمیان عسکری تعاون جاری رہے گا، تاہم مالی امداد کو بتدریج صفر تک لانا ان کا ہدف ہے۔

اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے کہا ہے کہ اسرائیل کو اب امریکی فوجی امداد پر انحصار کم کرکے خود کفیل بننے کی جانب بڑھنا چاہیے۔

امریکی نشریاتی ادارے سی بی ایس نیوز کے پروگرام “60 Minutes” کو دیے گئے انٹرویو میں نیتن یاہو نے کہا کہ وہ امریکا کی جانب سے ملنے والی مالی عسکری امداد کو مرحلہ وار ختم کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا، ’’میں چاہتا ہوں کہ امریکا کی مالی مدد، جو ہمارے فوجی تعاون کا حصہ ہے، اسے صفر تک لے جایا جائے۔‘‘

نیتن یاہو کے مطابق اسرائیل کو ہر سال امریکا سے تقریباً 3.8 ارب ڈالر کی فوجی امداد ملتی ہے، جبکہ امریکا 2018 سے 2028 تک اسرائیل کو مجموعی طور پر 38 ارب ڈالر دینے پر متفق ہے۔

اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کے درمیان مالی تعلقات کو نئے انداز میں دیکھا جائے۔

انہوں نے کہا، ’’میں اگلی امریکی کانگریس کا انتظار نہیں کرنا چاہتا، میں یہ عمل ابھی شروع کرنا چاہتا ہوں۔‘‘

رپورٹ کے مطابق غزہ جنگ کے آغاز کے بعد امریکا میں اسرائیل کے لیے حمایت میں کمی دیکھی گئی ہے۔ مارچ میں ہونے والے ایک پیو سروے کے مطابق 60 فیصد امریکی شہری اسرائیل کے بارے میں منفی رائے رکھتے ہیں جبکہ 59 فیصد افراد کو عالمی معاملات میں نیتن یاہو پر کم یا بالکل اعتماد نہیں۔

نیتن یاہو نے امریکا میں اسرائیل کی کم ہوتی حمایت کو سوشل میڈیا کے بڑھتے اثر و رسوخ سے جوڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض ممالک نے سوشل میڈیا کو اس انداز میں استعمال کیا جس سے اسرائیل کو شدید نقصان پہنچا، تاہم وہ ذاتی طور پر سنسرشپ کے حامی نہیں۔

دوسری جانب امریکا اور اسرائیل کی جانب سے 28 فروری کو ایران کے خلاف شروع کی گئی جنگ کے بعد امریکی صدر ڈونلد ٹرمپ کی مقبولیت میں بھی کمی دیکھی گئی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جنگ کے باعث عالمی تیل قیمتوں میں اضافہ ہوا، جبکہ آبنائے ہرمز میں کشیدگی کے سبب ایندھن کی ترسیل متاثر ہوئی۔ نیتن یاہو نے اعتراف کیا کہ اسرائیلی منصوبہ سازوں کو ابتدا میں ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز بند کرنے کی صلاحیت کے خطرات کا مکمل اندازہ نہیں تھا۔

ایرانی حکومت کے ممکنہ خاتمے سے متعلق سوال پر نیتن یاہو نے کہا کہ اگر ایران کا موجودہ نظام کمزور یا ختم ہوگیا تو حزب اللہ، حماس اور حوثی گروپ بھی شدید متاثر ہوں گے کیونکہ یہ پورا نیٹ ورک ایران کے سہارے قائم ہے۔

انہوں نے کہا، ’’کیا ایرانی حکومت کا خاتمہ ممکن ہے؟ جی ہاں۔ کیا یہ یقینی ہے؟ نہیں۔‘‘

Read Entire Article