ARTICLE AD BOX
ان مقدمات میں کمپنی پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ اس کی مصنوعات کی وجہ سے خواتین میں اووری کے کینسر پیدا ہوا۔
شائع 28 جولائ 2026 09:11am
صحت کی دیکھ بھال کی عالمی کمپنی جانسن اینڈ جانسن نے امریکا میں اپنے بے بی پاؤڈر اور دیگر ٹیلکم پاؤڈر مصنوعات کے خلاف دائر ہزاروں مقدمات نمٹانے کے لیے 5 ارب 50 کروڑ ڈالر تک کی ادائیگی کی پیشکش کی ہے۔ ان مقدمات میں کمپنی پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ اس کی مصنوعات کی وجہ سے خواتین میں اووری کے کینسرپیدا ہوا۔
یہ مجوزہ معاہدہ کئی برسوں سے جاری قانونی تنازع ختم کرنے کی کوشش ہے، جس کی وجہ سے نیو جرسی میں قائم اس بڑی طبی کمپنی کو مسلسل قانونی چیلنجز کا سامنا رہا ہے۔
جانسن اینڈ جانسن نے ایک بار پھر ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کی ٹالک پر مبنی مصنوعات کینسر کا سبب نہیں بنتیں۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس نے اپنے مشہور بے بی پاؤڈر کی تیاری کا فارمولا بھی تبدیل کر دیا ہے۔
کمپنی کے نائب صدر برائے قانونی امور ایرک ہاس نے پیر کے روز کہا کہ ان کے خلاف لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں۔ ان کے مطابق کمپنی کا مؤقف ہے کہ اس کے خلاف پیش کیے گئے دعوؤں میں وزن نہیں، تاہم وہ اس معاملے کو ہمیشہ کے لیے ختم کرنے کی غرض سے تصفیے پر آمادہ ہوئی ہے۔
کمپنی کے مطابق مجوزہ معاہدہ تقریباً 69 ہزار مقدمات پر لاگو ہوگا، جو ٹالکم پاؤڈر سے متعلق باقی رہ جانے والے زیادہ تر دعوؤں کا احاطہ کرتے ہیں۔ جانسن اینڈ جانسن نے بتایا کہ وہ آئندہ سال 3 ارب ڈالر تک ادا کرے گی، جبکہ اس کے بعد 2028 سے پہلے کسی اضافی ادائیگی کی ضرورت نہیں ہوگی۔
کمپنی نے واضح کیا ہے کہ یہ معاہدہ اسی وقت حتمی ہوگا جب ریاستی اور وفاقی عدالتوں میں اووری کے کینسر سے متعلق مقدمات کے کم از کم 95 فیصد دعویداروں کی نمائندگی کرنے والی قانونی فرمز اس کی منظوری دیں گی۔
ایرک ہاس نے اپنے بیان میں کہا کہ کمپنی کو یقین ہے کہ اگر مقدمات کی کارروائی جاری رہتی تو وہ بالآخر کامیاب ہوتی، کیونکہ اب تک عدالتوں میں زیر سماعت زیادہ تر مقدمات میں کمپنی کے حق میں فیصلے آئے ہیں۔ ان کے مطابق اس معاہدے سے کمپنی اس تنازع کو پیچھے چھوڑ کر اپنی بنیادی ذمہ داری، یعنی جانیں بچانے والی ادویات اور طبی آلات کی تیاری، پر پوری توجہ دے سکے گی۔
کمپنی کی سابق صارفین کی مصنوعات بنانے والی شاخ کینویو اب شمالی امریکا سے باہر جانسن بے بی پاؤڈر سے متعلق قانونی ذمہ داری کی مالک ہے۔ کینویو کے پاس بینڈ ایڈ، لسٹرین اور کیلپول جیسے معروف برانڈز بھی موجود ہیں۔ یہ کمپنی 2022 میں جانسن اینڈ جانسن سے الگ کی گئی تھی۔
جانسن اینڈ جانسن کے خلاف ٹالکم پر مبنی بے بی پاؤڈر سے متعلق مقدمات کا سلسلہ 2009 میں شروع ہوا تھا۔ رواں سال جولائی میں ایک امریکی وفاقی عدالت نے کمپنی کے حق میں فیصلہ دیتے ہوئے اس بات پر سوال اٹھایا تھا کہ آیا انفرادی مدعی یہ ثابت کر سکتے ہیں کہ ان کے اووری کے کینسر کی براہ راست وجہ ٹالکم ہی تھا۔
ٹالکم ایک قدرتی معدنی مادہ ہے جو میگنیشیم، سلیکان، آکسیجن اور ہائیڈروجن پر مشتمل ہوتا ہے۔ اس کی نرم اور ملائم ساخت کی وجہ سے اسے برسوں تک بے بی پاؤڈر اور دیگر کاسمیٹک مصنوعات میں استعمال کیا جاتا رہا ہے۔
مدعیان کا مؤقف ہے کہ جانسن اینڈ جانسن کی بعض ٹالکم مصنوعات میں ایسبیسٹس کی آلودگی موجود تھی، جس کے باعث کینسر پیدا ہوا۔ ایسبیسٹس ایک ایسا مادہ ہے جسے کینسر کا سبب بننے والا سمجھا جاتا ہے، اور چونکہ زمین میں ٹالکم اور ایسبیسٹس کی تہیں اکثر ایک دوسرے کے قریب ہوتی ہیں، اس لیے آلودگی کے خدشات سامنے آتے رہے ہیں۔
دوسری جانب جانسن اینڈ جانسن مسلسل ان الزامات کی تردید کرتی آئی ہے۔ کمپنی نے اپنے تازہ بیان میں کہا ہے کہ مختلف مطالعات کے مطابق اس کا ٹالکم محفوظ ہے، اس میں ایسبیسٹس شامل نہیں اور یہ کینسر کا باعث نہیں بنتا۔
2022 میں جانسن اینڈ جانسن نے اعلان کیا تھا کہ وہ دنیا بھر میں ٹالکم پر مبنی بے بی پاؤڈر کی تیاری اور فروخت بند کر دے گی۔ اس سے دو سال قبل کمپنی امریکا میں اس مصنوعات کی فروخت روک چکی تھی۔ اس وقت کمپنی نے کہا تھا کہ عالمی سطح پر اپنے مصنوعات کے جائزے کے بعد اس نے تجارتی بنیادوں پر فیصلہ کیا ہے کہ اب وہ مکمل طور پر کارن اسٹارچ پر مبنی بے بی پاؤڈر فروخت کرے گی۔
.png)
2 hours ago
2






English (US) ·