Times of Pakistan

بھارت: 20 ہزار روپے کے لیے بھائی قبر کھود کر بہن کا ڈھانچہ بینک لے آیا، ویڈیو وائرل

1 hour ago 2
ARTICLE AD BOX

بینک منیجر نے کہا کہ یا تو اکاؤنٹ ہولڈر کو لے آئیں یا موت کا سرٹیفکیٹ اور قانونی وراثت کا ثبوت فراہم کریں۔

شائع 28 اپريل 2026 06:16pm

بھارت میں محض 20 ہزار روپے کے لیے بھائی اپنی بہن کی موت کا ثبوت دینے کی غرض سے قبر سے ڈھانچے کو نکال کر بینک پہنچ گیا، جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں، جس کے بعد واقعے نے عوامی توجہ حاصل کرلی۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ 27 اپریل کو بھارتی ریاست اڑیسہ کے ضلع کیونجھر میں اڑیسہ گرامین بینک کی مالیپوسی برانچ میں پیش آیا، جہاں 50 سالہ جیتو منڈا اپنی بہن کی ہڈیوں کا ڈھانچہ کندھے پر اٹھا کر پہنچا۔

رپورٹس کے مطابق جیتو منڈا کی 56 سالہ بہن کلرا منڈا 26 جنوری کو انتقال کر گئی تھیں۔ وہ اپنے شوہر اور بیٹے کے انتقال کے بعد اپنے آبائی گھر واپس آ گئی تھیں اور جیتو اس کا واحد زندہ رشتہ دار تھا۔ انہوں نے مقامی بینک میں اکاؤنٹ کھلوایا تھا، جس میں وہ باقاعدگی سے رقم جمع کرواتی تھیں۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ بہن کے انتقال کے بعد اہل خانہ نے ان کی آخری رسومات ادا کرکے انہیں گھر کے قریب دفن کر دیا تھا۔ بعد ازاں جیتو منڈا نے بینک سے 20 ہزار روپے نکلوانے کی کوشش کی، جس پر جس پر بینک منیجر نے اسے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ یا تو اکاؤنٹ ہولڈر کو لے آئیں یا موت کا سرٹیفکیٹ اور قانونی وراثت کا ثبوت فراہم کریں۔

جیتو کے پاس نہ تو دستاویزات تھے اور نہ ہی کاغذات بنوانے کے لیے کسی طریقہ کار کا کوئی علم تھا۔ انہوں نے متعدد بار بینک حکام کو بہن کے انتقال سے آگاہ کیا لیکن ان کی بات نہیں سنی گئی۔ اسی مایوسی کے باعث جیتو نے گاؤں جاکر اپنی بہن کی قبر کھودی، اس کی باقیات کو نکال کر کپڑے میں لپیٹا اور  اپنے کندھے پر رکھ کر 3 کلو میٹر دور بینک پہنچ گیا تاکہ ثبوت فراہم کر سکے۔ جس کے بعد بینک انتظامیہ میں ہلچل مچ گئی۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور صورت حال کو قابو میں کیا اور جیتو منڈا کو سمجھایا کہ وہ تحصیل دفتر سے قانونی وراثتی سرٹیفکیٹ حاصل کرے تاکہ رقم نکلوائی جا سکے۔ پولیس نے بعد ازاں انسانی باقیات کو دوبارہ دفن کر دیا۔

پولیس کے مطابق جیتو منڈا ناخواندہ ہے اور اسے قانونی عمل کی سمجھ نہیں تھی جب کہ بینک اہلکاروں کی جانب سے بھی مناسب رہنمائی فراہم نہیں کی گئی۔

ضلعی انتظامیہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے اور بینک کو ہدایت دی گئی ہے کہ قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد فوری طور پر رقم جاری کی جائے۔ واقعے کی ویڈیوز سامنے آنے کے بعد معاملہ سوشل میڈیا پر زیرِ بحث ہے۔

Read Entire Article