Times of Pakistan

ایران معاہدے کے لیے سنجیدہ نہ ہوا تو سنگین نتائج ہوں گے: صدر ٹرمپ

1 month ago 25
ARTICLE AD BOX

شائع 26 مارچ 2026 05:15pm

امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی رہنماؤں کو مذاکرات کے حوالے سے پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ سنجیدہ ہو جائیں، اس سے پہلے کہ بہت دیر ہو جائے، انھوں نے بیان میں کہا کہ وہ امریکا سے معاہدے کے لیے ’بھیک‘ مانگ رہے ہیں۔ صدر ٹرمپ نے نیٹو ممالک پر بھی عدم تعاون کا الزام لگایا۔

امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں ایرانی مذاکرات کاروں کو ’عجیب‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ امریکا کے ساتھ معاہدہ کرنے کے لیے منتیں کر رہے ہیں۔

صدرٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران عسکری طور پر مکمل طور پر کمزور ہو چکا ہے اور اس کے پاس واپسی کا کوئی امکان نہیں، اس کے باوجود وہ عوامی سطح پر صرف امریکی تجویز کا جائزہ لینے کی بات کر رہا ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ ایران کو جلد سنجیدہ ہونا ہوگا، ورنہ صورت حال ایسی نہج پر پہنچ سکتی ہے جہاں سے واپسی ممکن نہیں ہوگی اور نتائج خوشگوار نہیں ہوں گے۔

صدرٹرمپ نے اپنے ایک اور بیان میں نیٹو ممالک کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ جس میں انہوں نے کہا کہ نیٹو ممالک نے ایران کے معاملے میں بالکل کچھ نہیں کیا اور امریکا کو نیٹو سے کسی مدد کی ضرورت نہیں، تاہم اس صورت حال کو یاد رکھا جانا چاہیے۔

دوسری جانب ایرانی امور کے ماہرسید محمد مروندی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر امریکی صدر ٹرمپ کے بیان کو ری ٹوئیٹ کرتے ہوئے اسے ’جعلی خبر‘ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹرمپ یہ تاثر دے رہے ہیں کہ مذاکرات جاری ہیں اور ایران بے بس ہے، حالانکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔

سید محمد مروندی کے مطابق ایران کسی قسم کے مذاکرات کے لیے تیار نہیں اور اگر ٹرمپ انتظامیہ نے حملہ کیا تو عالمی معیشت کو فوری اور سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایسی صورت حال کو بعض حلقے ایک بڑی جنگ کے جواز کے طور پر پیش کر رہے ہیں۔

تجزیہ کاروں کے مطابق دونوں جانب سے سخت بیانات خطے میں کشیدگی میں اضافے کی نشاندہی کرتے ہیں، جبکہ ممکنہ تصادم کے عالمی اثرات، خصوصاً معیشت اور توانائی کی منڈیوں پر، گہرے ہو سکتے ہیں۔

Read Entire Article