ARTICLE AD BOX
پشاور زلمی کے 222 رنز کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 18.4 اوورز میں 151 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
شائع 28 اپريل 2026 11:12pm
پاکستان سپرلیگ ( پی ایس ایل) سیزن 11 کے کوالیفائر میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 70 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔
منگل کو کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی نے پشاور زلمی کی جانب سے دیے گئے 222 رنز کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 18.4 اوورز میں 151 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی دعوت پر پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز بنائے اور اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 222 رنز کا ہدف دیا۔
کپتان بابر اعظم نے 59 گیندوں پر 103 رنز کی شاندار اننگز کھیلتے ہوئے نمایاں کارکردگی دکھائی، ان کی اننگ میں 12 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔ یہ بابر اعظم کے ٹی 20 کیریئر کی 13 ویں اور پی ایس ایل میں چوتھی سینچری تھی۔
اس کے علاوہ کوشال مینڈس 41 رنز بنا کر نمایاں رہے، محمد حارث نے 35 اور ایرن ہارڈی نے 20 رنز بنائے جب کہ مائیکل بریسیول 2 اور عبدالصمد بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے شاداب خان نے 4 اوورز میں 42 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں جب کہ رچرڈ گلیسن نے 2، سلمان مرزا اور فہیم اشرف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
پشاور زلمی کے 222 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کا آغاز جارحانہ رہا، جہاں پہلی وکٹ پر ڈیون کونوے اور سمیر منہاس نے 58 رنز کی پارٹنرشپ بنائی۔
پانچویں اوور کے اختتام پر ڈیون کونوے 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو اسلام آباد یونائیٹڈ کی باگ دوڑ سمیر منہاس کے ساتھ محسن ریاض نے سنبھالی تاہم سمیر کے 44 رنز اور محسن ریاض کے 25 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہونے کے بعد کوئی کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکا۔
جس کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کی وکٹیں وقفے وقفے کے ساتھ گرتی رہیں، کپتان شاداب خان 6، سلمان مرزا 5، مارک چیپمین 4 اور فہیم اشرف 1 رن بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ اختتامی لمحات میں عماد وسیم نے 22 رنز بنائے جو ٹیم کی جیت کے لیے ناکافی تھے۔ اس طرح 222 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 151 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔
پشاور زلمی کی جانب سے ایون ہارڈی نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ سفیان مقیم اور محمد باسط نے 2، 2 جب کہ خرم شہزاد نے ایک وکٹ لی۔
یوں پشاور زلمی نے 70 رنز سے کامیابی سمیٹتے ہوئے پی ایس ایل 11 کے فائنل میں جگہ بنا لی، یہ پشاور زلمی کی پانچویں مرتبہ پی ایس ایل فائنل تک رسائی ہے، جس کے بعد وہ لیگ کی تاریخ میں سب سے زیادہ مرتبہ فائنل کھیلنے والی ٹیم بن گئی۔
واضح رہے کہ آج کے میچ میں شکست کے باوجود اسلام آباد یونائیٹڈ ایونٹ سے باہر نہیں ہوئی اور اسے فائنل تک پہنچنے کے لیے ایک اور موقع ملے گا، جہاں وہ ایلیمنیٹر ٹو میں ایلیمنیٹر ون کی فاتح ٹیم کا سامنا کرے گی۔
اس سے قبل پی ایس ایل 11 کے کوالیفائر میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر بابر اعظم الیون کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔
اس موقع پر شاداب خان کا کہنا تھا کہ جب شائقین آتے ہیں تو بہت خوشی ہوتی ہے، میچ میں مزہ آئے گا۔ سلمان ارشاد کی جگہ گلیسن کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا ہے۔
بابر اعظم کا کہنا تھا کہ کوشش ہوگی کہ پچ کافی خشک لگ رہی ہے، اچھا اسکور بنانے کی کوشش کریں گے، بہت اچھا لگا کہ تمشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دی گئی، کوشش ہے کہ اچھی کرکٹ کھیلیں تاکہ تماشائیوں کو لطف اندوز ہونے کا موقع ملے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پہلے 6 اوور میں اچھا اسکور کریں، علی رضا اور ونس کی جگہ حارث اور ہارڈی کی واپسی ہوئی ہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کپتان شاداب خان، ڈیون کونوے، سمیر منہاس، محسن ریاض، مارک چیپمین، حیدر علی، فہیم اشرف، کرس گرین، عماد وسیم، محمد حسنین اور رچرڈ گلیسن پر مشتمل ہے۔
پشاور زلمی میں کپتان بابر اعظم، محمد حارث، کوشل مینڈس، فرحان یوسف، مائیکل بریسویل، ایرون ہارڈی، افتخار احمد، عبدالصمد، خرم شہزاد، صفیان مقیم اور باسط علی شامل ہیں۔
پوائنٹس ٹیبل پوزیشنز
خیال رہے کہ 17 پوائنٹس کے ساتھ پشاور زلمی کی ٹیم نے گروپ میں پہلی پوزیشن جب کہ 13 پوائنٹس کے ساتھ اسلام آباد یونائیٹڈ کی دوسری پوزیشن رہی۔
واضح رہے کہ رواں سیزن میں دونوں ٹیمیں پہلی بار سامنے آئیں، پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کا گروپ میچ بارش کے باعث منسوخ ہوگیا تھا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور کے درمیان اب تک 28 میچز کھیلے گئے ہیں، دونوں ٹیمیں نے 13، 13 میچز جیتے ہیں جب کہ 2 میچز منسوخ ہوئے۔
.png)
1 hour ago
1







English (US) ·