ARTICLE AD BOX
اداکارہ نے اپنے ایک اہم خیراتی اقدام کے ذریعے نہ صرف مریضوں کی مدد کی بلکہ مداحوں کے دل بھی جیت لیے ہیں
پاکستانی شوبز انڈسٹری کی مقبول اداکارہ ہانیہ عامر ایک مرتبہ پھر اپنے فلاحی جذبے کی وجہ سے توجہ کا مرکز بن گئی ہیں۔ اس بار اداکارہ نے ایک اہم خیراتی اقدام کے ذریعے نہ صرف مریضوں کی مدد کی بلکہ مداحوں کے دل بھی جیت لیے ہیں۔ سوشل میڈیا سے شہرت حاصل کرنے کے بعد شوبز کی دنیا میں اپنی منفرد شناخت بنانے والی ہانیہ عامر آج پاکستان کی کامیاب ترین اداکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں۔ تاہم حالیہ دنوں ان کے ایک سماجی اور انسان دوست اقدام نے انہیں خبروں کی زینت بنا دیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق معروف گلوکار اور سماجی کارکن ابرار الحق کی فلاحی تنظیم سہارا لائف ٹرسٹ کے زیرِ انتظام چلنے والے اسپتال میں ہانیہ عامر نے ایک مکمل نیا وارڈ عطیہ کیا ہے۔ ٹرسٹ کی جانب سے جاری کردہ معلومات کے مطابق یہ وارڈ ’فریال نگہت‘‘ کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔ سہارا لائف ٹرسٹ نے باقاعدہ طور پر اس عطیے کا اعلان کرتے ہوئے اداکارہ کے جذبۂ خدمت اور سماجی ذمہ داری کے احساس کو سراہا۔ تنظیم کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ہانیہ عامر کے اس فلاحی کام کی خبر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں اور صارفین کی جانب سے انہیں بھرپور داد دی جا رہی ہے۔ متعدد افراد نے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اداکارہ نے ثابت کیا ہے کہ شہرت کے ساتھ ساتھ انسانیت کی خدمت بھی ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔ سوشل میڈیا پر ایک صارف نے لکھا کہ ہانیہ عامر کے لیے دل سے دعائیں نکلتی ہیں، جبکہ ایک اور مداح نے انہیں ‘‘خوبصورت دل رکھنے والی شخصیت‘‘ قرار دیا۔ کئی صارفین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں مزید کامیابیاں، عزت اور برکت عطا فرمائے۔ ہانیہ عامر کا یہ اقدام نہ صرف ان کے مداحوں بلکہ فلاحی کاموں سے وابستہ حلقوں میں بھی خوب سراہا جا رہا ہے، جہاں اسے معاشرتی خدمت کی ایک مثبت مثال قرار دیا جا رہا ہے۔
.png)
6 hours ago
1




English (US) ·