ARTICLE AD BOX
بھارت کے مشہور کامیڈین اور اداکار کپل شرما نے اپنے حالیہ شو میں پاکستان کے لیجنڈری کامیڈین امان اللہ خان کو یاد کرتے ہوئے انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔
کپل شرما نے اپنے کیریئر کا آغاز اسٹینڈ اپ کامیڈی سے کیا اور آج بولی ووڈ کی دنیا میں ایک بڑا مقام رکھتے ہیں، انہوں نے اپنے نیٹ فلکس شو کے دوران امان اللہ خان کی فنکارانہ مہارت اور ان کی قیمتی باتوں کو سامعین کے ساتھ شیئر کیا۔
امان اللہ خان جنوبی ایشیا میں کامیڈی کا ایک ایسا نام ہیں جن کے مداح سرحد کے دونوں جانب موجود ہیں اور انہوں نے اسٹیج، ٹیلی ویژن اور فلموں میں اپنی بے مثال اداکاری سے لاکھوں لوگوں کے دل جیتے۔
کپل شرما نے امان اللہ خان کے ساتھ بیتے وقت کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ ایک بار لیجنڈری کامیڈین نے ان سے ایک بہت گہری بات کہی تھی۔
کپل شرما کے بقول امان اللہ خان نے ان سے کہا تھا کہ مقابلے تو عام طور پر ہیروز اور ہیروئنز کے درمیان ہوتے ہیں، چاہے وہ کپڑوں کا معاملہ ہویا پرفارمنس کا، لیکن ہنسانے والوں کے درمیان کیسا مقابلہ۔ ہم کامیڈین ایک بہت ہی نیک کام کر رہے ہیں۔ ہم لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرتے ہیں اور ہمیں ہمیشہ اسی مقصد پر توجہ دینی چاہیے۔
کپل شرما نے مزید کہا کہ امان اللہ خان کا یہ بھی ماننا تھا کہ ہو سکتا ہے کہ کسی کے لطیفے پر زیادہ ہنسی آئے اور کسی پر کم، لیکن ہم سب کا مقصد ایک ہی ہے اور وہ ہے لوگوں میں خوشیاں بانٹنا۔
اس خوبصورت تذکرے کے بعد سوشل میڈیا پر بھی مداحوں کی جانب سے کپل شرما کے اس اقدام کو خوب سراہا جا رہا ہے۔
انٹرنیٹ صارفین کا کہنا ہے کہ فن کی کوئی سرحد نہیں ہوتی اور کپل نے جس طرح امان اللہ خان کو یاد کیا ہے وہ قابل تحسین ہے۔
کئی مداحوں نے لکھا کہ امان اللہ خان پاکستان کے ایک عظیم لیجنڈ ہیں۔
ایک اور صارف نے کپل کے اس انداز کو سراہتے ہوئے شکوہ کیا کہ پاکستان میں کوئی بھی امان اللہ خان مرحوم کو یاد نہیں کرتا یہ انڈین ہی ہیں جو ہمیشہ پاکستانی لیجنڈز کو سراہتے ہیں یہی وجہ ہے کہ ہمارے لیجنڈز انڈیا میں کام کرنے کو ترجیح دیتے ہیں۔
بہت سے مداحوں نے امان اللہ خان کی مغفرت اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعائیں بھی کیں۔
کپل شرما کی اس گفتگو نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ امان اللہ خان جیسے فنکار مر کر بھی اپنے فن اور اپنی نصیحتوں کے ذریعے لوگوں کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہتے ہیں۔
.png)
1 hour ago
3





English (US) ·