Times of Pakistan

چیمپئنز فٹبال لیگ: آرسنل نے 20 برس بعد فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا

1 hour ago 1
ARTICLE AD BOX

انگلش فٹبال کلب آرسنل نے یوئیفا چیمپئنز لیگ کے سیمی فائنل میں اٹلیٹیکو میڈرڈ کو شکست دے کر 20 سال بعد فائنل میں رسائی حاصل کرلی، جہاں وہ 30 مئی کو کھیلے جانے والے فائنل مقابلے میں پیرس سینٹ جرمین یا بائرن میونخ کا سامنا کرے گا۔

منگل کو ایمریٹس اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیمی فائنل کے دوسرے مرحلے میں آرسنل نے اٹلیٹیکو میڈرڈ کو مجموعی طور پر 1-2 سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔

میچ کا واحد گول پہلے ہاف کے اختتامی لمحات میں اس وقت سامنے آیا جب بُکایو ساکا نے لیاندرو ٹروسارڈ کی شاٹ پر گول کیپر یان اوبلاک کے ریباؤنڈ کو جال میں پہنچایا۔

میچ میں آرسنل کا قبضہ زیادہ رہا تاہم دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا، جہاں پہلے ہاف تک کوئی بڑا موقع پیدا نہیں ہوسکا تھا۔ دوسرے ہاف میں اٹلیٹیکو میڈرڈ نے برابری کے لیے کوششیں کیں تاہم آرسنل کے دفاع نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے برتری برقرار رکھی۔

یہ آرسنل کی تاریخ میں دوسری بار ہے کہ ٹیم چیمپئنز لیگ کے فائنل میں پہنچی ہے، اس سے قبل 2006 میں اسے بارسلونا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

آرسنل کے منیجر میکل آرتیتا نے کامیابی پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم نے ایک بار پھر تاریخ رقم کی ہے اور یہ کامیابی کلب سے وابستہ ہر فرد کے لیے قابلِ فخر ہے۔

دوسری جانب اٹلیٹیکو میڈرڈ کے لیے چیمپئنز لیگ ٹائٹل کا انتظار برقرار ہے، ٹیم اس سے قبل 2014 اور 2016 کے فائنلز میں پہنچ چکی ہے تاہم دونوں مواقع پر ریال میڈرڈ کے ہاتھوں شکست ہوئی۔

یاد رہے کہ دوسرے سیمی فائنل میں پیرس سینٹ جرمین کو بائرن میونخ پر پہلے مرحلے میں 4-5 کی برتری حاصل ہے جب کہ دوسرا میچ بدھ کو میونخ میں کھیلا جائے گا۔

آرسنل اس سیزن میں ناقابلِ شکست رہتے ہوئے فائنل میں پہنچا ہے اور ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ میں صرف 4 گولز ہی کنسیڈ کیے ہیں۔

Read Entire Article