ARTICLE AD BOX
یہ کارروائیاں ملک میں حالیہ دنوں میں ہونے والے مختلف دہشت گرد حملوں کے جواب میں کی گئی ہیں: وزیر اطلاعات
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے بتایا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحدی علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف ایک بڑی اور انتہائی کامیاب کارروائی کی ہے، جس میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 26 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے ہیں اور دہشتگردوں کے کئی ٹھکانوں کو تباہ کردیا گیا ہے۔
عطا تارڑ کے مطابق ان دہشتگدوں کو پڑوسی ملک بھارت کی مالی اور نظریاتی مدد حاصل تھی۔
انہوں نے کہا کہ یہ کارروائی ملک میں حالیہ دنوں میں ہونے والے مختلف دہشت گرد حملوں کے جواب میں کی گئی ہے تاکہ ان حملوں کے ماسٹر مائنڈز اور منصوبہ سازوں کو ان کے انجام تک پہنچایا جا سکے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ دنوں میں پاکستان میں دہشت گردی کے چند انتہائی افسوسناک واقعات پیش آئے تھے، جن میں نو جون کو موسیٰ دارا میں فیڈرل کانسٹیبلری کی پوسٹ پر ہونے والا حملہ، دو جون کو شمالی وزیرستان میں فوجی چوکی پر گاڑی کے ذریعے کیا جانے والا خودکش حملہ اور نو مئی کو بنوں کے ایک پولیس اسٹیشن پر ہونے والا حملہ شامل ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ انہی واقعات کے بعد مستند انٹیلی جنس اور خفیہ معلومات کی بنیاد پر پاک افغان سرحد کے ساتھ موجود خوارج کے ٹھکانوں اور پناہ گاہوں پر انتہائی درست اور نپے تلے فضائی حملے کیے گئے۔
عطا اللہ تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ اس کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے کیمپوں اور پناہ گاہوں کو چن چن کر نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں فتنہ الخوارج کے اہم کمانڈر علیم خان خوشالی اور کمانڈر اختر محمد جانی خیل کے مراکز سمیت چار بڑے ٹھکانے مکمل طور پر تباہ کر دیے گئے۔ ان تباہ ہونے والے ٹھکانوں میں دہشت گردوں کا ایک تربیتی مرکز، ایک پناہ گاہ اور اسلحے کا ایک بڑا ذخیرہ شامل ہے۔
انہوں نے ملکی پالیسی کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن اور استحکام برقرار رکھنے کی کوشش کی ہے، لیکن اس کے ساتھ ہی اپنے شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے نیشنل ایکشن پلان کی ایپکس کمیٹی کی منظوری کے بعد عزم استحکام کے تحت دہشت گردی کے خلاف جاری مہم پوری طاقت کے ساتھ جاری رہے گی تاکہ غیر ملکی سرپرستی میں چلنے والی دہشت گردی کی اس لعنت کو ملک سے ہمیشہ کے لیے ختم کیا جا سکے۔
.png)
1 hour ago
1






English (US) ·