ARTICLE AD BOX
وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جدید ڈیجیٹل انفراسٹرکچر منصوبے کا افتتاح کر دیا۔
شائع 24 جولائ 2026 05:58pm
اسلام آباد میں پاکستان کے سب سے بڑے ڈیٹا سینٹر ”اسکائی 47 قراقرم ون“ کا افتتاح کر دیا گیا۔ حکومت کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ کلاؤڈ کمپیوٹنگ، ڈیٹا ہوسٹنگ، مصنوعی ذہانت اور حساس قومی معلومات کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرے گا۔
اسلام آباد میں پاکستان کے سب سے بڑے ڈیٹا سینٹر ”اسکائی 47 قراقرم ون“ کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شرکت کی۔
حکومت کے مطابق یہ منصوبہ پاکستان میں ڈیجیٹل معیشت، کلاؤڈ کمپیوٹنگ، مصنوعی ذہانت، سرکاری و نجی اداروں کی ڈیٹا ہوسٹنگ اور جدید ڈیجیٹل خدمات کی فراہمی کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کرے گا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ جدید ترین ڈیٹا سینٹر انتہائی متاثر کن اور قابل تحسین منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتنے مختصر عرصے میں اس منصوبے کی تکمیل غیر معمولی مہارت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظہر ہے۔
وزیراعظم نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت، وژن اور منصوبے پر کام کرنے والی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسلسل محنت ہی ایسے قومی منصوبوں کو حقیقت کا روپ دیتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ معرکۂ حق میں کامیابی کے بعد یہ منصوبہ بھی قومی خود اعتمادی اور ترقی کی علامت ہے۔
قراقرم ون کیا ہے؟
قراقرم ون، اسکائی 47 کے تحت قائم پاکستان کا پہلا خودمختار (Sovereign) ڈیجیٹل انفراسٹرکچر پلیٹ فارم ہے، جسے ملک کو کلاؤڈ فرسٹ اور ڈیٹا پر مبنی معیشت کی طرف منتقل کرنے کے مقصد سے تیار کیا گیا ہے۔
یہ منصوبہ ایک ہی مقام تک محدود نہیں بلکہ اسلام آباد، لاہور اور کراچی سمیت مختلف شہروں میں جغرافیائی طور پر منسلک ڈیٹا سینٹرز پر مشتمل ہوگا، تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ڈیٹا محفوظ رہے اور خدمات بلا تعطل جاری رہیں۔
یہ کس طرح کام کرے گا؟
حکام کے مطابق قراقرم ون میں سرکاری ادارے، نجی کمپنیاں، بینک، ٹیلی کام آپریٹرز اور عالمی کلاؤڈ کمپنیاں اپنی ڈیجیٹل معلومات محفوظ رکھ سکیں گی۔
ڈیٹا سینٹر میں کلاؤڈ کمپیوٹنگ، سرور ہوسٹنگ، مصنوعی ذہانت، ہائی پرفارمنس کمپیوٹنگ، حساس قومی ریکارڈ، تجارتی معلومات اور ڈیجیٹل خدمات کے لیے جدید سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
منصوبے کی مجموعی بجلی کی گنجائش 50 میگاواٹ سے زائد ہے جبکہ اس میں تین ہزار سے زیادہ سرور ریکس نصب کیے جا سکتے ہیں، جو بڑے پیمانے پر ڈیجیٹل خدمات اور مصنوعی ذہانت پر مبنی نظام چلانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
اسکائی 47 کے مطابق یہ پلیٹ فارم متعدد انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں اور بین الاقوامی سب میرین کیبلز سے منسلک ہوگا، جس سے تیز رفتار، محفوظ اور بلاتعطل رابطہ ممکن بنایا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ قراقرم ون پاکستان میں حساس قومی اور تجارتی معلومات کو ملک کے اندر محفوظ رکھنے، بیرونی انحصار کم کرنے اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں خود انحصاری حاصل کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔
.png)
1 hour ago
1





English (US) ·