Times of Pakistan

ٹی 20 میں بڑا اپ سیٹ: آئرلینڈ نے پہلی مرتبہ بھارت کو شکست دے کر تاریخ رقم کردی

1 hour ago 1
ARTICLE AD BOX

آئرلینڈ کے 183 رنز کے تعاقب میں بھارتی ٹیم 148 رنز پر آؤٹ ہوگئی اور میچ 34 رنز سے ہار گئی۔

بھارت کے خلاف پہلے ٹی 20 میچ میں آئرلینڈ نے شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 34 رنز سے تاریخی کامیابی حاصل کرلی۔ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ آئرش ٹیم نے ٹی 20 انٹرنیشنل میں بھارت کو شکست دے کر اپ سیٹ کیا جب کہ اس فتح کے ساتھ میزبان ٹیم نے سیریز کا فاتحانہ آغاز بھی کیا۔

جمعے کو بیلفاسٹ میں کھیلے گئے پہلے ٹی 20 میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر آئرلینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی، میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آئرلینڈ کا آغاز اچھا نہ رہا اور پاور پلے کے اختتام تک ٹیم 36 رنز پر 3 وکٹیں گنوا چکی تھی۔

دسویں اوور کے اختتام تک آئرلینڈ کا اسکور 4 وکٹوں کے نقصان پر 68 رنز ہوگیا، اس کے بعد آئرش کپتان اور وکٹ کیپر لورکن ٹکر نے گیریتھ ڈیلانی کے ساتھ مل کر ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کی اننگز سنبھال لی۔

لورکن ٹکر نے 35 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کرتے ہوئے 50 رنز کی اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 5 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ اس کے علاوہ گیریتھ ڈیلانی نے بھی 32 گیندوں پر 49 رنز بنائے، جس میں 3 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے۔

آئرلینڈ نے 13ویں اوور میں 100 رنز مکمل کیے جب کہ آخری اوورز میں تیز رفتار بیٹنگ کرتے ہوئے 16.4 اوورز میں 150 رنز کا ہندسہ عبور کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے۔

بھارت کی جانب سے ہرشت رانا نے 3، ارشدیب سنگھ اور اکشر پٹیل نے 2،2 اور شیوم ڈونے ایک وکٹ حاصل کی۔

آئرلینڈ کی جانب سے دیے گئے 183 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارت نے دھواں دار آغاز کیا، اوپنر ابھیشیک شرما نے صرف 20 گیندوں پر برق رفتار 49 رنز کی اننگز کھیلی اور بھارتی ٹیم نے محض 3.5 اوورز میں 50 رنز مکمل کر لیے۔

پاور پلے کے اختتام پر بھارت کا اسکور 68 رنز پر 3 وکٹیں تھا، جس سے ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ ٹیم آسانی سے ہدف حاصل کرلے گی تاہم آئرلینڈ کے بولرز نے درمیانی اوورز میں شاندار کم بیک کرتے ہوئے مسلسل وکٹیں حاصل کیں اور بھارتی بیٹنگ لائن کو سنبھلنے کا موقع نہیں دیا۔

بھارت نے 11.5 اوورز میں 100 رنز مکمل کیے لیکن وقفے وقفے سے گرنے والی وکٹوں کے باعث مطلوبہ رفتار برقرار نہ رکھ سکا۔

بھارتی بلے بازوں میں شیوم ڈوبے 25، تلک ورما 19 اور اکشر پٹیل 15 رنز بنائے، اس کے علاوہ دیگر بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے جب کہ بھارتی ٹیم کے 7 بلے باز ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔

اس طرح بھارتی ٹیم 18.5 اوورز میں 148 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی اور آئرلینڈ نے 34 رنز سے تاریخی کامیابی اپنے نام کرتے ہوئے سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔

آئرلینڈ کی جانب سے میٹ ہولارڈ نے انتہائی مؤثر بولنگ کرتے ہوئے 4 اوورز میں 28 رنز دے کر 3 اہم وکٹیں حاصل کیں جب کہ میتھیو ہمفریز نے بھی 3 وکٹیں حاصل کیں اور بھارت کی آخری وکٹیں گرا کر میچ آئرلینڈ کے نام کردیا۔

بھارت کے خلاف یہ جیت آئرلینڈ کی ٹی 20 کرکٹ کی تاریخ کی اہم ترین کامیابیوں میں شمار کی جا رہی ہے۔ میزبان ٹیم نے صرف انفرادی کارکردگی پر انحصار کرنے کے بجائے ذمہ دارانہ بیٹنگ، منظم بولنگ اور دباؤ میں بہترین اعصاب کا مظاہرہ کرتے ہوئے دنیا کی مضبوط ترین ٹی 20 ٹیموں میں شامل بھارت کو پہلی مرتبہ ٹی 20 انٹرنیشنل میں شکست دے کر نئی تاریخ رقم کی ہے۔

Read Entire Article