Times of Pakistan

لاہور: ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر 14 بچے جاں بحق

1 hour ago 1
ARTICLE AD BOX

20 سے زائد افراد کو ریسکیو کیا گیا ہے جب کہ ریسکیو آپریشن تقریباً مکمل کر لیا گیا ہے: ترجمان ریسکیو

لاہور کے علاقے کاہنہ میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے کا افسوسناک واقعہ سانحے میں تبدیل ہوگیا، جہاں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے سے 14 بچے ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگئے ہیں۔ ریسکیو ترجمان نے بتایا کہ 20 سے زائد افراد کو ریسکیو کیا گیا ہے جب کہ ریسکیو آپریشن تقریباً مکمل کر لیا گیا ہے۔

منگل کے روز لاہور کے علاقے کاہنہ میں واقع ایک ٹیوشن سینٹر کی چھت اچانک گر گئی، جس کے نتیجے میں چھت کے ملبے تلے دب کر 14 بچے جان کی بازی ہار گئے۔

ایم ایس ٹی ایچ کیو کاہنہ نے بچوں کی اموات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حادثے کے بعد مجموعی طور پر 19 بچے ٹی ایچ کیو اسپتال لائے گئے، ان میں سے زیر علاج 5 دیگر بچوں کی حالت بہتر ہے۔

ریسکیو 1122 کے مطابق ٹیوشن سینٹر کی چھت شام 4 بج کر 45 منٹ پر گری جب کہ حادثے کے وقت ٹیوشن سینٹر میں 30 سے زائد بچے موجود تھے، جن میں زیادہ تر بچوں کی عمریں 10 سے 14 سال کے درمیان ہیں۔

ترجمان ریسکیو محمد فاروق کا کہنا ہے کہ امدادی ٹیموں نے بچوں کی جانیں بچانے کے لیے بھرپور کوشش کی تاہم زیادہ تربچوں کی حالت نازک ہے، 20 سے زائد افراد کو ملبے سے ریسکیو کیا گیا ہے جب کہ ریسکیو آپریشن تقریباً مکمل کر لیا گیا ہے۔

ترجمان ریسکیو نے مزید بتایا کہ ملبے سے نکالے جانے والے ایک تہائی سے زائد بچوں کی نبض موجود نہیں تھی۔ ریسکیو کے مطابق متعلقہ کمرے کی چھت ٹی آر گارڈر کی مدد سے تعمیر کی گئی تھی، جو اچانک منہدم ہوگئی۔

دوسری جانب کاہنہ ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے کے افسوسناک واقعے کے بعد ٹی ایچ کیو کاہنہ نے جاں بحق اور زخمی ہونے والے بچوں کی تفصیلات جاری کردی ہیں۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 7 سالہ ماہ نور فاروق، 7 سالہ رمشا عاطف، 5 سالہ مرتضیٰ عاطف، 9 سالہ غلام نبی، 6 سالہ تابشہ شہزاد، 16 سالہ خدیجہ وسیم، 6 سالہ سلمان وسیم اور 8 سالہ فواد عابد شامل ہیں۔

ٹی ایچ کیو کاہنہ کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے 6 افراد کی حالت مستحکم ہے۔ اسپتال انتظامیہ نے بتایا کہ زخمیوں میں 8 سالہ ابیہا، 10 سالہ فاریہ، 11 سالہ مرتضیٰ، 8 سالہ ایان، 7 سالہ رابعہ اور 30 سالہ حمیدہ ریحان شامل ہیں، جنہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے اور ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔

ادھر کاہنہ میں ٹیوشن سینٹر کی عمارت گرنے کے بعد پولیس، ریسکیو 1122 اور ضلعی انتظامیہ کی مشترکہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں جب کہ متاثرہ مقام پر ملبہ ہٹانے اور متاثرین کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کا عمل بھی جاری ہے۔

پولیس کے مطابق حادثے کے بعد مالک مکان سمیت 2 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے جب کہ حادثے کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران بھی موقع پر پہنچے، جہاں انہوں نے ریسکیو آپریشن کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام سے امدادی سرگرمیوں پر بریفنگ حاصل کی۔

حکام کے مطابق زخمی بچوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹرز اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ بعد ازاں ڈی آئی جی آپریشنز نے اسپتال کا دورہ کیا، زخمی بچوں کی عیادت کی اور متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کرکے اظہارِ تعزیت کیا۔

ڈی آئی جی آپریشنز نے متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تمام شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور ذمہ دار افراد کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Read Entire Article