Times of Pakistan

سوئٹزرلینڈ نے کولمبیا کو ہرا کر 72 سال بعد ورلڈ کپ کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی

1 hour ago 2
ARTICLE AD BOX

ٹیم نے 1954 کے بعد پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کر لی۔ اب اگلا مقابلہ عالمی چیمپئن ارجنٹینا سے ہوگا۔

شائع 08 جولائ 2026 09:20am

فیفا ورلڈ کپ 2026 کے انتہائی سنسنی خیز اور کانٹے دار مقابلے میں سوئٹزرلینڈ نے پینلٹی شوٹ آؤٹ پر کولمبیا کو 4 کے مقابلے میں3 گول سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔ مقررہ 90 منٹ اور اس کے بعد اضافی 30 منٹ تک دونوں ٹیمیں کوئی گول نہ کر سکیں، جس کے بعد میچ کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا۔

سوئٹزرلینڈ کی جانب سے روبن ورگاس نے فیصلہ کن پنالٹی پر کامیابی سے گول کیا، جس کے بعد ٹیم نے 1954 کے بعد پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کر لی۔ اب سوئٹزرلینڈ کا اگلا مقابلہ دفاعی چیمپئن ارجنٹینا سے ہوگا۔

پنالٹی شوٹ آؤٹ میں کولمبیا کی ڈیوِنسن سانچیز کی پنالٹی کراس بار سے ٹکرا گئی، جبکہ کوچو ہرنینڈیز کی کوشش سوئس گول کیپر گریگور کوبل نے روک لی۔ سوئٹزرلینڈ کے مینوئل اکنجی بھی پنالٹی پر ناکام رہے، لیکن روبن ورگاس نے آخری پنالٹی پر کوئی غلطی نہ کرتے ہوئے گیند کو جال میں پہنچا دیا۔

میچ کے بعد روبن ورگاس نے کہا کہ انہیں ابھی تک یقین نہیں آ رہا کہ ان کی ٹیم نے کیا کارنامہ انجام دیا ہے۔ ان کے مطابق پوری ٹیم نے 120 منٹ تک بھرپور محنت کی، ایک مضبوط حریف کا سامنا کیا اور آخرکار تاریخ رقم کرنے میں کامیاب رہی۔ انہوں نے فیصلہ کن پنالٹی پر گول کرنے کو اپنے کیریئر کا یادگار لمحہ قرار دیا۔

دوسری جانب کولمبیا کے لیے یہ شکست انتہائی مایوس کن ثابت ہوئی۔ ٹیم اپنی تاریخ میں صرف دوسری مرتبہ ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں پہنچنے کی کوشش کر رہی تھی۔ اس سے قبل کولمبیا نے 2014 کے ورلڈ کپ میں آخری 8 ٹیموں میں جگہ بنائی تھی۔

پہلے ہاف میں کولمبیا کو 21 ویں منٹ میں گول کا بہترین موقع ملا، لیکن سوئس گول کیپر گریگور کوبل نے شاندار بچاؤ کیا۔ جواب میں سوئٹزرلینڈ کی کوشش بھی کولمبیا کے گول کیپر کامیلو ورگاس نے ناکام بنا دی۔ مقررہ وقت اور اضافی وقت میں دونوں ٹیموں کو مزید مواقع ملے، تاہم کوئی بھی گول نہ کر سکی۔

میچ سے قبل سوئٹزرلینڈ کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب اس کا 20 سالہ فارورڈ جوہان مانزامبی گھٹنے کی انجری کے باعث مقابلے سے باہر ہو گیا۔ مانزامبی ٹورنامنٹ میں اب تک تین گول اور دو اسسٹ کر چکے تھے۔

یہ سوئٹزرلینڈ کی مسلسل چھٹی ورلڈ کپ شرکت ہے۔ گزشتہ کئی ورلڈ کپ میں ٹیم پری کوارٹر فائنل مرحلے سے آگے نہیں بڑھ سکی تھی اور 2006، 2014، 2018 اور 2022 میں اسی مرحلے پر باہر ہو گئی تھی۔ تاہم اس بار اہم کھلاڑیوں کی عدم موجودگی کے باوجود ٹیم نے یہ رکاوٹ عبور کرتے ہوئے اپنی تاریخ میں چوتھی مرتبہ ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔

اس کامیابی نے سوئٹزرلینڈ کو گزشتہ سال یورپی چیمپئن شپ میں انگلینڈ کے خلاف کوارٹر فائنل میں پنالٹی شوٹ آؤٹ پر ہونے والی شکست کی تلخی بھی کسی حد تک بھلا دی۔ فیصلہ کن پنالٹی کے بعد روبن ورگاس کے گول کرتے ہی پوری سوئس ٹیم میدان میں ان کی جانب دوڑ پڑی اور کھلاڑیوں نے بھرپور جشن منایا۔

اسٹیڈیم کا ماحول پوری طرح کولمبیا کے حق میں دکھائی دے رہا تھا کیونکہ وہاں پیلی جرسیاں پہنے کولمبیا کے مداحوں کی تعداد بہت زیادہ تھی جو ہر حملے پر اپنی ٹیم کا حوصلہ بڑھا رہے تھے اور سوئس کھلاڑیوں پر دباؤ ڈال رہے تھے۔ سوئٹزرلینڈ کی ٹیم پچھلے کئی ورلڈ کپ ٹورنامنٹس کے اسی مرحلے پر باہر ہوتی آئی تھی، لیکن اس بار انہوں نے تمام رکاوٹیں عبور کر کے تاریخ بدل ڈالی ہے۔

اب سوئٹزرلینڈ کا اگلا مقابلہ کینساس سٹی میں ارجنٹائن سے ہوگا جس نے مصر کو 2-3 سے شکست دے کر اگلے مرحلے میں جگہ بنائی۔

Read Entire Article