Times of Pakistan

حیدرآباد کنگزمین نے پہلی بار پی ایس ایل 11 کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا

1 hour ago 2
ARTICLE AD BOX

187 رنز کے تعاقب میں اسلام آباد کی ٹیم 7 وکٹوں کے نقصان پر 184 رنز ہی بناسکی اور صرف 2 رنز سے میچ ہار گئی۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 11 کے دوسرے ایلیمینیٹر میں حیدرآباد کنگزمین نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کو 2 رنز سے شکست دے کر پہلی بار ایونٹ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پی ایس ایل کے دوسرے ایلیمینیٹر میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر حیدرآباد کنگزمین کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

حیدرآباد کنگزمین نے پہلے بینگ کرتے ہوئے عثمان خان اور کوشل پریرا کی شاندار 101 رنز کی شراکت کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز اسکور کیے۔

حیدرآباد کنگز کے وکٹ کیپر بیٹسمین عثمان خان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 30 گیندوں پر 61 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے، ان کی اننگز میں 10 چوکے شامل تھے جب کہ کوشل پریرا 37 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اس کے علاوہ دیگر بلے بازوں میں کپتان مارنس لبوشین 39، صائم ایوب 38، گلین میکسویل 3 اور معاذ صداقت صفر کے انفرادی اسکور پر پویلین لوٹے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے عماد وسیم نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ کرس گرین، رچرڈ گلیسن اور فہیم اشرف نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔

حیدرآباد کنگزمین کے 187 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 184 رنز ہی بنا سکی اور صرف 2 رنز سے میچ ہار گئی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے مارک چیپمین 43 رنز بنا کرنمایاں رہے۔ حیدر علی 31، ڈیوون کونوے30، کپتان شاداب خان 22، فہیم اشرف 19، سمیر منہاس 6 اور محسن ریاض 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ کرس گرین 21 اور عماد وسیم 1 کے انفرادی اسکور پر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔

حیدرآباد کی جانب سے فاسٹ بولر حنین شاہ نے آخری اوور میں 6 رنز کا کامیابی سے دفاع کیا اور اپنی ٹیم کو فائنل میں پہنچا دیا۔

حیدرآباد کنگز مین کی جانب سے حنین شاہ اور محمد علی نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ حسان خان، صائم ایوب اور عاکف جاوید  نے 1، 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

واضح رہے کہ اتوارکوپشاور زلمی اور حیدرآباد کنگز مین کے درمیان فائنل لاہور میں کھیلا جائے گا۔

قبل ازیں لاہور کے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے اس میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر حیدرآباد کنگز کے خلاف پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

ٹاس کے موقع پر کپتان شاداب خان نے کہا کہ آج کے میچ میں دباؤ کو بہتر انداز میں سنبھالنے والی ٹیم ہی کامیاب ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کوالیفائر میں شکست کے باوجود ٹیم مایوس نہیں اور پاور پلے میں بہتر کارکردگی دکھانے پر توجہ ہے جب کہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

حیدرآباد کنگزمین کے کپتان مارنس لبوشین نے کہا کہ وہ بھی پہلے بولنگ کو ترجیح دیتے تاہم ٹیم ہر صورتحال کے لیے تیار ہے۔ ان کے مطابق وکٹ بیٹنگ کے لیے سازگار لگ رہی ہے اور ٹیم بھرپور توانائی کے ساتھ میدان میں اتری ہے۔

دونوں ٹیمیں رواں سیزن میں اس میچ سے پہلے 2 بار آمنے سامنے آ چکی تھیں اور دونوں نے ایک ایک میچ میں کامیابی حاصل کی تھی جس کے باعث یہ ناک آؤٹ میچ مزید دلچسپ ہو گیا تھا جس کو بالآخر حیدرآباد کنگز نے جیت لیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ حالیہ میچز میں ملے جلے نتائج کے ساتھ میدان میں اتری تھی۔ ٹیم نے آخری 5 ویں میچوں میں 3 فتوحات حاصل کیں تاہم کوالیفائر میں انہیں پشاور زلمی کے خلاف 70 رنز سے بڑی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

دوسری جانب حیدرآباد کنگز بہترین فارم میں تھی اور آخری 5 میں سے 4 میچ جیت چکی تھی۔ ٹیم نے ایلیمنیٹر1 میں ملتان سلطانز کو 8 وکٹوں سے شکست دی جب کہ اس سے قبل راولپنڈیز کو 108 رنز سے ہرا کر پلے آف میں جگہ بنائی۔

حیدرآباد کنگز کو واحد شکست کا سامنا اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ہی کرنا پڑا جس کے باعث اس ری میچ میں مقابلہ مزید سنسنی خیز ہو گیا تھا۔

Read Entire Article