Times of Pakistan

جیب میں پیاز رکھنا گرمی اور لُو سے بچاؤ کا حل ہے یا صرف وہم؟

9 hours ago 2
ARTICLE AD BOX

شائع 28 اپريل 2026 09:48am

گرمیوں کے موسم میں درجہ حرارت کے اضافے کے ساتھ ہی ہیٹ اسٹروک کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔ ایسے میں لوگ مختلف گھریلو ٹوٹکے آزماتے ہیں، جن میں پیاز کا استعمال بھی شامل ہے۔

صدیوں سے یہ روایت چلی آ رہی ہے کہ گرمیوں میں گھر سے باہر نکلتے وقت پیاز ساتھ رکھنا لُو لگنے سے بچاتا ہے۔

ہمارے بزرگوں کا بھی یہی ماننا تھا کہ پیاز گرم ہوا کو اپنے اندرجذب کر لیتا اس لیے وہ اکثر تپتی دوپہر میں باہر نکلنے والے بچوں کی جیب میں پیاز رکھ دیا کرتے تھے۔

یہ بھی کہا جاتا ہے کہ لُو لگنے کی صورت میں پیاز کا رس سینے یا پاؤں کے تلووں پر ملنا فائدہ مند ہوتا ہے۔ اس کے پیچھے منطق ہے کہ رس کے بخارات بن کر اڑنے سے جلد کو عارضی ٹھنڈک ملتی ہے۔

لیکن کیا واقعی جیب میں پیاز رکھنا سائنسی طور پر کوئی فائدہ دیتا ہے؟ آئیے ان قدیم ٹوٹکوں کی حقیقت جانتے ہیں۔

طبی ماہرین کے مطابق، پیاز کی تاثیر بلاشبہ ٹھنڈی ہے، لیکن اس کا فائدہ تبھی ہوتا ہے جب اسے کھایا جائے۔

پیاز میں وٹامن سی، وٹامن بی6، پوٹاشیم، اینٹی آکسیڈنٹس اور پانی کی وافر مقدار موجود ہوتی ہے۔ اس میں موجود مرکب ’کوئرسیٹن‘ سوزش کے خلاف کام کرتا ہے اور جسم کو اندرونی طور پر ٹھنڈک پہنچاتا ہے۔

سائنسی طور پر یہ ثابت ہے کہ پیاز کھانے سے جسم ہائیڈریٹ رہتا ہے اور جسمانی درجہ حرارت کو متوازن رکھنے میں مدد ملتی ہے۔

ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ پیاز کو سلاد کے طور پر استعمال کرنا جسم کو ہائیڈریٹ رکھنے اور میٹابولزم کو بہتر بنانے میں مدد دیتا ہے، لیکن اس کا کوئی سائنسی ثبوت موجود نہیں کہ پیاز جیب میں رکھ کر لُو یا ہیٹ اسٹروک سے بچا جا سکتا ہے۔

,

شدید گرمی اور لُو سے بچنے کے مستند طریقے

اگر آپ واقعی گرمی کی تپش سے بچنا چاہتے ہیں، تو ماہرین ان طریقوں کو اپنانے کا مشورہ دیتے ہیں۔

ہر آدھے گھنٹے بعد پانی پئیں، چاہے پیاس نہ بھی ہو۔ گلوکوز، ناریل پانی اور سکنجبین کا استعمال کریں، تاکہ جسم میں نمکیات کی کمی نہ ہو۔

ہلکے رنگ کے اور ڈھیلے ڈھالے سوتی کپڑے پہنیں تاکہ جسم کو ہوا لگتی رہے۔

باہر نکلتے وقت سر اور چہرے کو گیلے کپڑے یا ٹوپی سے ڈھانپ لیں۔

دوپہر 12 سے 4 بجے تک، جب دھوپ کی شدت سب سے زیادہ ہوتی ہے، بلا ضرورت باہر نکلنے سے گریز کریں۔

پیاز کو اپنی خوراک کا حصہ ضرور بنائیں، لیکن تپتی دھوپ کا مقابلہ کرنے کے لیے صرف پیاز پر بھروسہ کرنے کے بجائے سائنسی طور پر ثابت شدہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنا زیادہ ضروری ہے۔

Read Entire Article