ARTICLE AD BOX
ایران پڑوسی ملکوں کی خود مختاری اور ان کے داخلی معاملات میں مداخلت سے گریز کرے: عمانی حکومت
شائع 12 جولائ 2026 06:29pm
سلطنتِ عمان نے ایران کے ڈرون حملوں کے بعد ایران کے سفیر کو وزارت خارجہ طلب کرکے باضابطہ احتجاجی مراسلہ تھما دیا ہے، جس میں عمانی حکومت کے اثاثوں کو نشانہ بنانے پر شدید احتجاج کیا گیا ہے جب کہ عمانی حکومت نے ایرانی حملے کو غیرذمہ دارانہ طرز عمل قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ایران پڑوسی ملکوں کی خود مختاری اور ان کے داخلی معاملات میں مداخلت سے گریز کرے۔
اتوار کے روز ایران کے حملوں میں عمان کو بھی نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد سلطنتِ عمان کی وزارت خارجہ نے ایران کے سفیر موسیٰ فرہنگ کو مسقط میں طلب کیا اور حملے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے باضابطہ احتجاجی مراسلہ ان کے حوالے کیا۔
احتجاجی مراسلہ وزارت خارجہ کے انتظامی و مالی امور کے انڈر سیکریٹری شیخ خالد بن ہاشل المسلحی نے ایرانی سفیر سے ملاقات کے دوران دیا۔
عمانی وزارت خارجہ کے مطابق یہ اقدام صوبہ مسندم اور الوسطیٰ میں بغیر پائلٹ طیاروں (ڈرونز) کے ذریعے مختلف مقامات اور عمانی حکومت کے اثاثوں کو نشانہ بنانے کے بعد کیا گیا۔
ملاقات کے دوران شیخ خالد بن بن حشیل المصلحی نے ان حملوں پر سلطنتِ عمان کی گہری تشویش اور شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں غیرذمہ دارانہ طرز عمل قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات ریاستی خودمختاری، اچھے ہمسائیگی، ایک دوسرے کے داخلی معاملات میں عدم مداخلت اور دونوں ہمسایہ ممالک اور ان کے عوام کے درمیان قائم تعلقات کے بنیادی اصولوں کے منافی ہیں۔
عمانی حکام نے احتجاجی مراسلے میں ایران سے مطالبہ کیا کہ وہ پڑوسی ممالک کی خودمختاری کا احترام کرے، ان کے داخلی معاملات میں مداخلت سے گریز کرے اور بین الاقوامی اصولوں، سفارتی روایات اور اخلاقی اقدار کی پاسداری کو یقینی بنائے۔
وزارت خارجہ کے مطابق عمان نے اس بات پر بھی زور دیا کہ دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان تعلقات باہمی احترام، خودمختاری کے تحفظ اور اچھے ہمسائیگی کے اصولوں کی بنیاد پر استوار رہنے چاہییں۔
یاد رہے کہ امریکا کی جانب سے ایران کے جنوبی ساحلی علاقوں، فوجی تنصیبات اور مواصلاتی مراکز پر تازہ فضائی حملوں کے بعد ایران نے انہیں جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے جوابی کارروائیاں شروع کیں۔
ایران نے آبنائے ہرمز بند کرنے کا اعلان کیا، امریکی فوجی اہداف کو میزائل حملوں میں نشانہ بنایا اور بعض خلیجی ممالک میں موجود امریکی تنصیبات پر بھی حملوں کا دعویٰ کیا۔ انہی کارروائیوں کے دوران عمان کے صوبوں مسندم اور الوسطیٰ میں بھی ڈرون حملے ہوئے، جس پر عمان نے ایرانی سفیر کو طلب کرکے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا اور حملوں کو اپنی خودمختاری کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
.png)
1 hour ago
1





English (US) ·