Times of Pakistan

ایران کے وقار کے مطابق امن معاہدہ جلد طے پا جائے گا: وزیراعظم شہباز شریف

4 hours ago 1
ARTICLE AD BOX

ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا پاکستان کی امن کوششوں اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے کردار کو سراہا

وزیراعظم شہباز شریف اور ایران کے صدر مسعود پزشکیان کے درمیان عیدالاضحیٰ کے موقع پر ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس میں خطے کی صورت حال، امن کوششوں اور ایران سے اظہارِ یک جہتی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کو ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے ٹیلی فون کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان تقریباً 30 منٹ تک گرمجوش اور دوستانہ گفتگو ہوئی، جس میں انہوں نے ایک دوسرے، دونوں ممالک کے عوام اور پوری مسلم اُمہ کو عیدالاضحیٰ کی مبارک باد دی۔

اعلامیے کے مطابق ایرانی صدر نے خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کے اہم کردار کو سراہتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے سعودی عرب، قطر، ترکیے اور دیگر علاقائی ممالک کی جانب سے جاری امن کوششوں کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے موجودہ بحران کے دوران قیمتی ایرانی جانوں کے ضیاع پر ایرانی قیادت اور عوام سے اظہارِ یک جہتی کیا۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خطے میں امن کے قیام کے لیے ان تھک کوششیں کی ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ امید ہے امن معاہدہ جلد طے پا جائے گا اور یہ ایران کے وقار اور عزتِ نفس کے مطابق ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں امن کی بحالی سے ایران کی حقیقی معاشی صلاحیت سامنے آئے گی، جس سے پورا خطہ مستفید ہو سکے گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ایک برادر اور ہمسایہ ملک کی حیثیت سے ہمیشہ ایران کے ساتھ کھڑا رہے گا، جب کہ خطے میں امن کی بحالی دونوں ممالک کے روشن اور خوش حال مستقبل کی ضمانت ہے۔

اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے باہمی رابطے اور قریبی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق بھی کیا۔

Read Entire Article