ARTICLE AD BOX
امریکی صدر کا کہنا ہے کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل نہیں کر سکتا، تیل اور پیٹرول کی قیمتوں میں بھی کمی آ رہی ہے۔
شائع 01 جولائ 2026 06:05pm
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے جوہری پروگرام کو روکنے کی امریکی حکمت عملی مؤثر ثابت ہو رہی ہے اور ایران کی جوہری صلاحیت ختم کرنے کا عمل آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے ایک بار پھر واضح کیا کہ ایران کو کسی صورت جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
واشنگٹن کے قریب جوائنٹ بیس اینڈریوز میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جاری رابطوں پر اظہارِ اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی جوہری صلاحیت ختم کرنے کا عمل آگے بڑھ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ ہفتے امریکا نے ایران کو بہت سخت نشانہ بنایا تھا اور اسی کارروائی کا مقصد یہ یقینی بنانا تھا کہ ایران کبھی جوہری ہتھیار حاصل نہ کر سکے۔ ان کے بقول معاملہ بہت سادہ ہے، ایران جوہری ہتھیار حاصل نہیں کر سکتا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکی کارروائی کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی آئی ہے۔ ان کے مطابق تیل کی قیمت تقریباً 68 ڈالر فی بیرل تک آ گئی ہے، جو ان کے بقول ایران کے خلاف کارروائی سے پہلے کی سطح سے بھی کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا میں پیٹرول کی خوردہ قیمتیں بھی تیزی سے کم ہو رہی ہیں۔
امریکی صدر نے ملکی معیشت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسٹاک مارکیٹ بھی مضبوط کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے، جسے انہوں نے اپنی پالیسیوں کا مثبت نتیجہ قرار دیا۔
اس موقع پر صدر ٹرمپ نے صدارتی طیارے ایئر فورس ون کے نئے ماڈل کی بھی رونمائی کی۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ صدارتی طیارہ تقریباً 35 سے 36 سال پرانا تھا اور جدید طیاروں کے مقابلے میں امریکا کے شایانِ شان نہیں لگتا تھا۔ ان کے بقول نیا ایئر فورس ون ملک کے وقار کی عکاسی کرتا ہے اور اس پر پوری قوم کو فخر ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس تاثر کو بھی مسترد کیا کہ وہ صدارت سے مالی فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ صحافیوں کے سوالات کے جواب میں انہوں نے کہا کہ موجودہ معاشی صورتحال میں صرف وہ نہیں بل کہ ہر امریکی سرمایہ کار فائدہ اٹھا رہا ہے، کیونکہ اسٹاک مارکیٹ میں نمایاں تیزی دیکھی جا رہی ہے۔
ٹرمپ نے سوال کرنے والے صحافی سے کہا کہ کیا آپ کے پاس 401(k) ریٹائرمنٹ اکاؤنٹ ہے؟ آپ کا 401(k) کیسا چل رہا ہے؟ میرا خیال ہے کہ اس میں تقریباً 85 فی صد اضافہ ہوا ہے۔ آپ کو کہنا چاہیے، ’شکریہ صدر ٹرمپ‘۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کی معاشی پالیسیوں کے باعث نہ صرف امریکی اسٹاک مارکیٹ مضبوط ہوئی ہے بل کہ خام تیل اور پیٹرول کی قیمتوں میں بھی نمایاں کمی آئی ہے، جس کا براہِ راست فائدہ امریکی عوام کو پہنچ رہا ہے۔
.png)
1 hour ago
2




English (US) ·