Times of Pakistan

ایران کے اسرائیل اورامریکا پر وارجاری، تل ابیب میں کئی عمارتیں ملیا میٹ، کویت، اردن، بحرین میں امریکی فوجی اڈوں کونشانہ بنایا

1 month ago 18
ARTICLE AD BOX

تل ابیب میں خطرے کے سائرن، شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، چوبیس گھنٹے میں دو سو اسرائیلی زخمی

شائع 26 مارچ 2026 09:16am

ایران کے اسرائیل اورامریکا پر وارجاری، تل ابیب میں کئی عمارتیں ملیا میٹ کردیں، کویت، اردن، بحرین میں بھی امریکی فوجی اڈوں کونشانہ بنایا، جبکہ اسرائیلی حکام کے مطابق بڑی تعداد میں افراد زخمی ہوئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران نے اسرائیل پر حملوں کی ایک اور بڑی لہر میں میزائلوں اور ڈرونز کا استعمال کیا، جس کے نتیجے میں تل ابیب میں متعدد عمارتیں تباہ ہو گئیں اور کئی گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔ شہر میں خطرے کے سائرن طویل وقت تک بجتے رہے جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

اسرائیلی ذرائع کے مطابق بنی براک کے علاقے میں حملوں کے نتیجے میں کم از کم بارہ افراد زخمی ہوئے، جبکہ مجموعی طور پر گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران زخمیوں کی تعداد دو سو تک پہنچ گئی ہے۔

رپورٹس کے مطابق ایران نے حدیرہ میں واقع ایک بڑے پاور پلانٹ کو بھی میزائل حملے میں نشانہ بنایا، جس کے باعث وہاں آگ بھڑک اٹھی۔

اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ ایک ہی دن میں ہونے والا پانچواں بڑا حملہ تھا۔ مزید بتایا گیا ہے کہ ایران نے چالیس منٹ کے دوران سینکڑوں میزائل داغے۔

دوسری جانب پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ خطے میں امریکی مفادات کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے، اور کویت، اردن اور بحرین میں موجود امریکی فوجی اڈوں پر حملے کیے گئے ہیں۔ تاہم ان دعوؤں کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔

عرب ممالک کی جانب سے دفاعی کارروائیوں کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے۔ اماراتی وزارت دفاع کے مطابق ایران سے داغے گئے متعدد ڈرونز کو تباہ کر دیا گیا، جبکہ سعودی عرب نے بھی اپنے فضائی دفاعی نظام کے ذریعے بیلسٹک میزائل کو ناکام بنانے کا اعلان کیا۔ عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ بیس سے زائد ڈرونز کو مار گرایا گیا۔

ادھر لبنان سے حزب اللہ نے بھی اسرائیل پر راکٹ حملے کیے، جس کے نتیجے میں شمالی شہر کرمیل میں دو افراد زخمی ہوئے، جبکہ مقامی اسپتالوں میں متعدد زخمیوں کو منتقل کیا گیا۔

لبنانی فوج کے مطابق ایرانی میزائلوں کے کچھ حصے لبنانی علاقے میں گرے ہیں، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ لبنان ان حملوں کا ہدف نہیں تھا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق میزائلوں کو راستے میں روکنے کی کوشش کی گئی جس کے بعد ان کا ملبہ مختلف علاقوں میں گرا۔

حکام کا کہنا ہے کہ خطے میں کشیدگی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ مختلف ممالک کی جانب سے صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔

Read Entire Article