ARTICLE AD BOX
ایرانی صدر اور وزیراعظم کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس میں دونوں رہنماؤں نے عیدالاضحیٰ پر مبارک باد دی جبکہ وزیراعظم نے امید ظاہر کی امن معاہدہ جلد طے ہوجائے گا اور یہ ایرانی قوم کے وقار اور عزتِ نفس کے مطابق ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کو اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کی جانب سے عیدالاضحیٰ کے موقع پر ٹیلی فون کال موصول ہوئی اور دونوں رہنماؤں کے درمیان تقریباً 30 منٹ تک گرمجوش اور دوستانہ گفتگو ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو، اپنے اپنے ممالک کے عوام اور پوری مسلم اُمہ کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ ایرانی صدر نے خطے میں امن کے قیام کی کوششوں میں پاکستان کے اہم کردار پر وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس امر کو بھی سراہا کہ سعودی عرب، قطر اور ترکیہ سمیت دیگر علاقائی ممالک بھی ان امن کوششوں میں شریک ہیں۔ وزیراعظم نے موجودہ بحران کے دوران قیمتی ایرانی جانوں کے ضیاع پر ایرانی قیادت اور عوام کے ساتھ ایک بار پھر مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے وزیراعظم اور ان کی ٹیم کے لیے ایرانی صدر کے خیرسگالی کے جذبات پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خطے میں امن کے قیام کے لیے انتھک کوششیں کی ہیں۔ وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ امن معاہدہ جلد طے پا جائے گا اور یہ ایرانی قوم کے وقار اور عزتِ نفس کے مطابق ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں امن کے قیام سے ایران کی حقیقی معاشی صلاحیت بروئے کار آئے گی جس سے پورا خطہ مستفید ہوگا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ایک برادر اور ہمسایہ ملک کی حیثیت سے ہمیشہ ایران کے ساتھ کھڑا رہے گا اور خطے میں امن کی بحالی کے بعد دونوں ممالک کے لیے روشن اور خوشحال مستقبل موجود ہے۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی رابطے اور قریبی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
.png)
10 hours ago
1




English (US) ·