Times of Pakistan

امریکا سے واپسی کے باوجود صومالیہ کے ریفری کو فیفا کی مکمل فیس دینے کا فیصلہ

2 hours ago 3
ARTICLE AD BOX

امریکا میں داخلے کی اجازت نہیں ملی لیکن 'یوئیفا' نے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ایک اہم ذمہ داری سونپ دی۔

سومالیہ سے تعلق رکھنے والے مایہ ناز ریفری عمرعبدالقادر آرتان کو امریکا میں داخلے سے روک دیا گیا تھا، جس کے باعث وہ ورلڈ کپ میں بطور ریفری خدمات انجام نہ دے سکے۔ تاہم اب اطلاعات ہیں کہ انہیں ٹورنامنٹ کی مکمل فیس ادا کی جائے گی۔

برطانوی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق امریکی انتظامیہ نے ان کے داخلے پر پابندی اس وجہ سے لگائی تھی کہ ان کے مبینہ طور پر بعض ایسے افراد سے تعلقات بتائے گئے تھے جنہیں دہشت گرد تنظیموں کے مشتبہ ارکان قرار دیا گیا تھا۔ اس فیصلے کے بعد وہ ورلڈ کپ میں شرکت نہیں کر سکے اور انہیں واپس اپنے ملک بھیج دیا گیا۔

ایک ذریعے نے، جو اس معاملے سے واقف ہے، بتایا ہے کہ اگرچہ عمرعبدالقادر آرتان ٹورنامنٹ کا حصہ نہیں بن سکے، لیکن عالمی فٹبال تنظیم فیفا نے فیصلہ کیا ہے کہ انہیں ان کی مکمل تنخواہ دی جائے گی۔

عمرعبدالقادر آرتان کو 2025 میں افریقہ کے بہترین ریفری کا اعزاز ملا تھا اور وہ پہلے سومالی ریفری بننے والے تھے جو فٹبال کے سب سے بڑے عالمی ایونٹ میں خدمات انجام دیتے۔ تاہم امریکی کسٹمز اور بارڈر پروٹیکشن نے انہیں داخلے کی اجازت نہیں دی۔

بعد ازاں جب وہ اپنے ملک واپس لوٹے تو ان کا پرتپاک استقبال ایک ہیرو کی طرح کیا گیا۔ یہی نہیں، بلکہ یورپی فٹ بال کی سب سے بڑی باڈی ”یوئیفا“ نے ان پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ایک بڑی ذمہ داری سونپ دی۔ انہیں اگست میں پیرس سینٹ جرمین اورایسٹن ولا کے درمیان ہونے والے ”یوئیفا سپر کپ“ میچ میں ریفری کے فرائض انجام دینے کے لیے مقرر کر دیا گیا ہے۔

Read Entire Article