Times of Pakistan

آم کو تازہ اور محفوظ رکھنے کا درست طریقہ، فریج میں رکھنا چاہیے یاا نہیں

3 weeks ago 24
ARTICLE AD BOX

شائع 14 اپريل 2026 02:42pm

پھلوں کا بادشاہ ”آم“ دسترخوان پر آئے اور ہاتھ رک جائے، یہ بھلا کیسے ممکن ہے؟ لیکن اکثر خواتین اور گھر کے سربراہ اس کشمکش میں رہتے ہیں کہ آموں کو پیٹی سے نکال کر سیدھا فریج میں رکھ دیں یا کمرے کے درجہ حرارت پر چھوڑ دیں؟

ایک چھوٹی سی غلطی آپ کے پسندیدہ آم کا ذائقہ پھیکا کر سکتی ہے یا اسے وقت سے پہلے خراب کر سکتی ہے۔

آم کو بچوں سے لے کر بڑوں تک سب ہی شوق سے کھاتے ہیں اور ہر سال اس کے سیزن کا بے صبری سے انتظار کیا جاتا ہے۔ لیکن آم کا موسم زیادہ طویل نہیں ہوتا، اس لیے ہر کوئی چاہتا ہے کہ اس کی لذت، خوشبو اور مٹھاس زیادہ دیر تک قائم رہے۔

آم کو تازہ اور مزیدار رکھنے کا بہترین طریقہ کیا ہے؟ آئیے اس کا آسان اور مؤثر حل جانتے ہیں۔

آم کھانے میں جتنا مزہ آتا ہے، انہیں صحیح طریقے سے ذخیرہ کرنا بھی اتنا ہی ضروری ہے۔ بعض اوقات ہم بہت زیادہ آم خریدتے ہیں اور پھر سوچتے ہیں کہ انہیں فریج میں رکھیں یا باہر۔

آم کو اسٹور کرنے سے پہلے یہ دیکھ لیں کہ وہ کتنا تیار ہے۔ اگرآم ابھی سخت ہے اور اس کا رنگ ہلکا سبز ہے تو اس کا مطلب ہے کہ وہ کچا ہے۔

ایسے آم کو غلطی سے بھی فریج میں نہ رکھیں، ورنہ وہ نہ تو صحیح سے پکے گا اور نہ ہی اس میں مٹھاس آئے گی۔ اسے کچن میں ہی کسی کھلی جگہ پر پڑا رہنے دیں۔

اگر آم نرم ہو گیا ہے اور اس میں سے خوشبو آنے لگی ہے، تو سمجھ جائیں کہ یہ پک چکا ہے۔

پکے ہوئے آم کو زیادہ دیر باہر چھوڑنے سے وہ گل سڑ سکتا ہے، اس لیے اسے تازہ رکھنے کے لیے فریج میں رکھنا ہی سب سے بہتر ہے تاکہ آپ کئی دنوں تک اس کے بہترین ذائقے کا مزہ لے سکیں۔

کچے آموں کو پکانے کا درست طریقہ

کچے آموں کو گھر لانے کے بعد فریج کے بجائے کمرے کے درجہ حرارت میں رکھیں۔

انہیں کسی ہوا دار جگہ پر اخبار یا کپڑا بچھا کر پھیلا دیں، مگر یاد رہے کہ آموں کا ڈھیر لگانے یا ایک دوسرے کے اوپر رکھنے سے پرہیز کریں؛ کیونکہ بوجھ پڑنے سے آم دب جاتے ہیں اور ان کے داغی ہو کر خراب ہونے کا ڈر رہتا ہے۔

آموں کو قدرتی طور پر پکانے کے لیے انہیں روزانہ ایک مرتبہ الٹ پلٹ کرتے رہیں تاکہ ہر طرف سے برابر ہوا لگے اور وہ یکساں طور پر پک جائیں۔اس سادہ ترکیب سے اس کا ذائقہ بھی بہتر ہوجائے گا۔

پکے ہوئے آموں کو فریج میں رکھنا کیوں ضروری ہے؟

جب آم مکمل طور پر پک جائیں تو انہیں فریج میں رکھ دیں۔ فریج کی ٹھنڈی ہوا آم کے مزید پکنے کی رفتار کو روک دیتی ہے، جس سے وہ جلد خراب ہونے سے بچ جاتے ہیں۔

آموں کو رکھنے کے لیے فریج کا سبزیوں والا خانہ سب سے موزوں جگہ ہے، لیکن یہاں ایک خاص بات کا خیال رکھیں۔ آموں کو کبھی بھی کسی ایسے ڈبے میں بند نہ کریں جہاں ہوا کا گزر نہ ہو، کیونکہ انہیں تھوڑی بہت آکسیجن کی ضرورت ہوتی ہے۔

اس کے بجائے انہیں کسی کھلی ٹرے میں سجا کر رکھیں یا کسی جالی دار تھیلی کا استعمال کریں تاکہ ہوا کی گردش برقرار رہے اور آم کئی دنوں تک تروتازہ اور ذائقہ دار رہیں۔

کٹے ہوئے آموں کو کیسے اسٹور کیا جائے؟

اگر آپ نے آم کاٹ لیا ہے اور اسے کچھ دیر بعد استعمال کرنا چاہتے ہیں، تو اسے ہرگز کھلا نہ چھوڑیں، کیونکہ ہوا کے لگنے سے آم کالے ہوسکتے ہیں اور اس کا اصل ذائقہ بھی بدل جاتا ہے۔

کٹے ہوئے ٹکڑوں کو فوری طور پر ایک ایئر ٹائٹ ڈبے میں ڈال کر فریج میں محفوظ کر لیں۔

ایک بہترین ٹوٹکا یہ ہے کہ ان پر لیموں کے رس کے چند قطرے چھڑک دیں تاکہ ان کا رنگ اور ذائقہ زیادہ دیر تک برقرار رہے۔ اس طریقے سے آپ کٹے ہوئے آموں کو اگلے کئی گھنٹوں تک بالکل ویسا ہی پائیں گے جیسے وہ ابھی کاٹے گئے ہوں۔

گر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کے پسندیدہ آم زیادہ دنوں تک تروتازہ رہیں، تو ایک زبردست ترکیب یہ ہے کہ آم کی اوپری ڈنڈی (تنے) کے گرد ٹشو پیپر یا کاغذ کا چھوٹا سا ٹکڑا لپیٹ دیں۔

دراصل نمی سب سے پہلے اسی جگہ جمع ہوتی ہے جو آم کو گلانے کا باعث بنتی ہے، اور کاغذ اس نمی کو جذب کر کے اسے خراب ہونے سے بچاتا ہے۔

اگر آپ نے آم کمرے میں رکھے ہیں، تو ہر دوسرے دن یہ کاغذ بدل دیں؛ یہ چھوٹی سی محنت آپ کے آموں کو طویل عرصے تک محفوظ اور رسیلا رکھے گی۔

Read Entire Article