ARTICLE AD BOX
فلم 2009 میں ریلیز ہوئی تھی اور اسے بھارتی سنیما کی کامیاب ترین فلموں میں شمار کیا جاتا ہے۔
شائع 17 جولائ 2026 09:50am
بولی ووڈ کے سپر اسٹار عامر خان نے اپنی مشہور فلم ”3 ایڈیٹس“ کے مرکزی کردار رانچو (فنسکھ وانگڈو) سے متعلق برسوں سے چلی آنے والی ایک بڑی غلط فہمی کو دور کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ یہ کردار سماجی کارکن اور ماہر تعلیم سونم وانگ چک کی زندگی سے متاثر ہو کر تخلیق نہیں کیا گیا تھا۔ انہوں نے اس تاثر کو مکمل طور پر غلط قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ فلم کی تیاری کے وقت وہ، ہدایت کار راج کمار ہیرانی اور مصنف ابھیجیت جوشی سونم وانگ چک کو جانتے تک نہیں تھے۔
عامر خان اس وقت لندن میں موجود ہیں جہاں انہوں نے لندن انڈین فلم فیسٹیول کی اختتامی تقریب میں اپنی شہرۂ آفاق فلم ”لگان“ کی خصوصی نمائش میں شرکت کی۔ اس موقع پر ان سے سونم وانگ چک کی بھوک ہڑتال اور ”3 ایڈیٹس“ کے کردار رانچو کے حوالے سے سوال کیا گیا، جس پر انہوں نے تفصیل سے اپنی رائے کا اظہار کیا۔
عامر خان نے کہا، ”نہیں، یہ بات درست نہیں ہے۔ یہ ایک غلط فہمی ہے۔ جب ہم ’3 ایڈیٹس‘ بنا رہے تھے تو میں مسٹر سونم کو نہیں جانتا تھا۔ میں نے حال ہی میں چتور کا کردار ادا کرنے والے اومی ویدیا کی ایک ویڈیو دیکھی جس میں انہوں نے یہ بات کہی، لیکن وہ غلط ہیں۔ شاید وہ ایسا ہی سوچتے ہوں، لیکن میں حقائق کی بنیاد پر یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ نہ راج کمار ہیرانی، نہ ابھیجیت جوشی اور نہ ہی میں اس وقت مسٹر سونم کو جانتے تھے۔“
انہوں نے مزید کہا، ”مسٹر سونم جو کام کر رہے ہیں وہ اپنی جگہ بہت قابلِ تعریف ہے۔ ان کے کام اور خدمات کا احترام کرنے کے لیے یہ ضروری نہیں کہ انہیں ’3 ایڈیٹس‘ کے کسی کردار سے جوڑا جائے۔ ہم ان کے کام کی قدر ویسے ہی کرتے ہیں۔ میں صرف حقائق کو سامنے لانا چاہتا تھا۔“
عامر خان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سونم وانگ چک گزشتہ کئی روز سے بھوک ہڑتال پر ہیں۔ ان کی صحت کے حوالے سے مختلف حلقوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔ عامر خان نے ان کی صحت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ سب خیریت سے ہوگا اور سونم وانگ چک جلد اپنی بھوک ہڑتال ختم کر دیں گے۔
انہوں نے کہا، ”ہم سب مسٹر سونم کی صحت اور زندگی کے حوالے سے فکرمند ہیں اور دعا گو ہیں کہ معاملات بہتر انداز میں حل ہوں۔“
دوسری جانب خود سونم وانگ چک بھی ماضی میں اس معاملے پر اپنی رائے کا اظہار کر چکے ہیں۔ ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا، ”اگر لوگ کہتے ہیں کہ یہ فلم مجھ سے متاثر ہو کر بنائی گئی ہے تو میں اس کی مخالفت نہیں کروں گا، لیکن میں اس سے مکمل اتفاق بھی نہیں کرتا۔ میں نہیں چاہتا کہ لوگ صرف اس لیے کسی بات کو درست مان لیں کہ اس کا تعلق کسی فلم سے ہے۔ اگر فلم مجھ سے متاثر ہے تو مجھے اس پر کوئی خاص فخر نہیں اور اگر ایسا نہیں ہے تو مجھے اس کا کوئی افسوس بھی نہیں۔“
واضح رہے کہ فلم ”3 ایڈیٹس“ 2009 میں ریلیز ہوئی تھی اور اسے بھارتی سنیما کی کامیاب ترین فلموں میں شمار کیا جاتا ہے۔ فلم میں عامر خان نے رانچو کا کردار ادا کیا تھا، جسے ایک غیر روایتی سوچ رکھنے والے طالب علم کے طور پر پیش کیا گیا تھا۔ گزشتہ کئی برسوں سے یہ تاثر عام رہا ہے کہ یہ کردار سونم وانگ چک کی شخصیت سے متاثر تھا، تاہم عامر خان کے حالیہ بیان نے اس حوالے سے پائی جانے والی قیاس آرائیوں کو مسترد کر دیا ہے۔
.png)
1 hour ago
2






English (US) ·