Times of Pakistan

ڈھاکا ٹیسٹ: پاکستان کی بیٹنگ جاری، ڈیبیو بوائے اذان اویس سنچری کے قریب

59 minutes ago 1
ARTICLE AD BOX

پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے اذان اویس اور امام الحق کے درمیان پہلی وکٹ پر 106 رنز کی پارٹنرشپ قائم ہوئی۔

ڈھاکہ کے شیرِ بنگلہ کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے۔ میزبان بنگلہ دیش کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 413 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔

پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے اذان اویس اور امام الحق نے ٹیم کو ایک اچھا آغاز فراہم کیا۔ دونوں کے درمیان 106 رنز کی اوپننگ پارٹنرشپ قائم ہوئی، تاہم امام الحق 45 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔

عبداللہ فضل نئے آنے والے بیٹسمین ہیں جبکہ ڈیبیو بوائے اذان اویس پہلے میچ کی پہلی اننگز میں سنچری بنانے کے قریب ہیں۔

بنگلہ دیش نے ہفتے کی صبح، میچ کے دوسرے روز اپنی نامکمل اننگز کا آغاز 301 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ سے کیا۔ میزبان ٹیم کی جانب سے تجربہ کار بلے باز مشفق الرحیم اور لتن داس وکٹ پر موجود تھے اور بنگلہ دیش مضبوط پوزیشن میں دکھائی دے رہا تھا۔

صبح کے سیشن میں محمد عباس نے لتن داس کو 33 رنز پر آؤٹ کرکے پاکستان کو پہلی کامیابی دلائی اور ایک اہم بریک تھرو فراہم کیا۔

محمد عباس نے اپنی نپی تلی بولنگ سے بنگلہ دیش کے لوئر مڈل آرڈر پر بھی دباؤ برقرار رکھا اور مہدی حسن مرزا کو 10 رنز پر پویلین واپس بھیج دیا۔ اس کے بعد تیج الاسلام نے جارحانہ انداز میں 23 گیندوں پر 17 رنز بنا کر ٹیم کا اسکور آگے بڑھانے کی کوشش کی، تاہم محمد عباس نے انہیں بھی آؤٹ کر کے 378 رنز پر بنگلہ دیش کی ساتویں وکٹ گرا دی۔

دوسری جانب مشفق الرحیم ایک اینڈ سنبھالے کھڑے رہے اور کھانے کے وقفے تک بنگلہ دیش کا اسکور سات وکٹوں پر 380 رنز تک پہنچا دیا۔ وہ اس موقع پر 71 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ تھے جبکہ عبادت حسین ابھی کھاتہ نہیں کھول سکے تھے۔

کھانے کے وقفے کے فوراً بعد شاہین شاہ آفریدی نے پاکستان کو اہم کامیابی دلاتے ہوئے مشفق الرحیم کو کلین بولڈ کر دیا۔ مشفق نے 179 گیندوں پر 71 رنز کی اننگز کھیلی۔

اگلے ہی اوور میں محمد عباس نے عبادت حسین کو بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ کر کے اپنی پانچ وکٹیں مکمل کر لیں اور بنگلہ دیش کو نو وکٹوں پر پہنچا دیا۔ تاہم آخری وکٹ کے لیے پاکستان کو کچھ مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔ تسکین احمد نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 19 گیندوں پر 28 رنز بنائے اور آخری وکٹ کے لیے 29 رنز کی اہم پارٹنر شپ بھی قائم کی۔

بالآخر شاہین شاہ آفریدی نے تسکین احمد کو آؤٹ کر کے 413 رنز پر بنگلہ دیش کی پہلی اننگز کا خاتمہ کر دیا۔

پاکستان کی جانب سے محمد عباس سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 92 رنز دے کر پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ شاہین شاہ آفریدی نے تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ حسن علی اور نعمان علی نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔

یاد رہے کہ میچ کے پہلے روز بنگلہ دیش نے کپتان نجم الحسن شنتو کی شاندار سنچری کی بدولت میچ پر مضبوط گرفت قائم کر لی تھی۔ شنتو نے 130 گیندوں پر 101 رنز بنائے جبکہ مومن الحق 91 رنز کی اننگز کھیل کر ’نروس نائنٹیز‘ کا شکار اور سنچری بنانے سے محروم رہے تھے۔ تاہم دوسرے دن پاکستانی بولرز، خاص طور پر محمد عباس کی شاندار کارکردگی نے میچ کو دلچسپ بنا دیا ہے۔

Read Entire Article