Times of Pakistan

چین کا امریکا اور ایران کے درمیان فوری مذاکرات اور آبنائے ہرمز کی بحالی کا مطالبہ

48 minutes ago 2
ARTICLE AD BOX

چین نے امریکا اور ایران پر زور دیا ہے کہ آبنائے ہرمز اور خطے کی بگڑتی ہوئی صورتِ حال کے پیش نظر فوری، جامع اور پائیدار جنگ بندی عمل میں لائی جائے اور مذاکرات و سفارتی رابطے بغیر تاخیر دوبارہ شروع کیے جائیں۔ چینی وزارتِ خارجہ کے مطابق یہ تنازع نہ صرف خطے بلکہ عالمی معیشت اور توانائی منڈیوں پر بھی منفی اثرات مرتب کر رہا ہے۔

قطری نشریاتی ادارے ’الجزیرہ‘ کے مطابق چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کے مسئلے کا حل صرف واشنگٹن اور تہران کے درمیان مستقل اور جامع جنگ بندی میں موجود ہے۔ ان کے مطابق صدر شی جن پنگ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے گفتگو میں واضح کیا کہ طاقت سے مسائل حل نہیں ہوتے اور مذاکرات ہی واحد راستہ ہیں۔

وانگ یی نے کہا کہ مذاکرات فوری طور پر نتائج نہیں دیتے، تاہم بات چیت کا دروازہ کھلنے کے بعد اسے بند نہیں ہونا چاہیے۔ ان کے مطابق چین مشرقِ وسطیٰ میں جنگ بندی کے لیے فعال سفارتی کردار ادا کر رہا ہے اور خطے میں امن کی بحالی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

چینی وزارت خارجہ نے ایک علیحدہ بیان میں کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی پر فوری جامع اور پائیدار جنگ بندی ضروری ہے اور دونوں ممالک کے درمیان رابطے اور مذاکرات فوری طور پر بحال ہونے چاہئیں۔

ترجمان وزارت خارجہ کے مطابق یہ تنازع نہ صرف خطے بل کہ دیگر ممالک کے لیے بھی نقصان دہ ثابت ہو رہا ہے، جب کہ اس کے اثرات عالمی معیشت اور توانائی کی منڈیوں پر بھی پڑ رہے ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ اس بحران کا جلد حل امریکا، ایران اور دیگر متعلقہ ممالک کے مفاد میں ہے۔

چینی وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ یہ جنگ شروع ہی نہیں ہونی چاہیے تھی اور اس کا جاری رہنا کسی کے فائدے میں نہیں۔ چین نے مؤقف دہرایا کہ وہ ہمیشہ سے مذاکرات اور سفارتکاری کو ہی واحد مؤثر راستہ سمجھتا ہے، جب کہ طاقت کا استعمال مسائل کا حل نہیں ہو سکتا۔

بیان میں زور دیا گیا کہ مذاکرات کے دروازے کھلے رہنے چاہئیں اور ایرانی جوہری مسئلے سمیت تمام تنازعات کا حل بات چیت اور مشاورت سے نکالا جانا چاہیے۔

Read Entire Article