Times of Pakistan

پینٹاگون معاہدے پر اختلاف، اوپن اے آئی کے اہم عہدے دار نے استعفیٰ دیا

5 days ago 2
ARTICLE AD BOX

شائع 09 مارچ 2026 10:22am

اوپن اے آئی کی ہارڈویئر سربراہ کیٹلن کیلینووسکی نے کمپنی اور امریکی محکمہ دفاع کے درمیان ہونے والے ایک معاہدے پر تحفظات ظاہر کرتے ہوئے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی نے پینٹاگون کے خفیہ کلاؤڈ نیٹ ورکس پر اپنی اے آئی ٹیکنالوجی استعمال کرنے کے فیصلے سے پہلے مناسب غور و فکر نہیں کیا۔

رائٹرز کے مطابق کیٹلن کیلینووسکی نے ہفتے کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹ میں اعلان کیا کہ وہ اوپن اے آئی سے مستعفی ہوچکی ہیں گو کہ یہ کام آسان نہ تھا۔ مصنوعی ذہانت قومی سلامتی میں اہم کردار ادا کرتی ہے، لیکن امریکی شہریوں کی عدالتی نگرانی کے بغیر نگرانی اور انسانی اجازت کے بغیر مہلک خودکار نظام جیسے معاملات ایسی سرحدیں ہیں جن پر زیادہ غور و فکر ہونا چاہیے تھا۔

کیلینووسکی نے اوپن اے آئی کے چیف ایگزیکٹو سیم آلٹ مین اور کمپنی کی ٹیم کے لیے احترام کا اظہار بھی کیا، تاہم ان کا کہنا تھا کہ پینٹاگون کے ساتھ معاہدے کا اعلان ایسے وقت کیا گیا جب اس کے لیے واضح حفاظتی اصول طے نہیں کیے گئے تھے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اوپن اے آئی نے معاہدے کے ایک دن بعد وضاحت کی تھی کہ اس میں اضافی حفاظتی اقدامات شامل کیے گئے ہیں تاکہ ٹیکنالوجی کے استعمال کو محفوظ رکھا جا سکے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس کی واضح حدود موجود ہیں اور اس کی ٹیکنالوجی کو نہ تو امریکا کے اندر نگرانی کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے اور نہ ہی خودکار ہتھیاروں کے نظام میں۔

اوپن اے آئی نے ایک بیان میں کہا کہ وہ سمجھتی ہے کہ ان معاملات پر لوگوں کی رائے مضبوط اور مختلف ہو سکتی ہے۔

کمپنی کے مطابق وہ اس موضوع پر اپنے ملازمین، حکومت، سول سوسائٹی اور دنیا بھر کی کمیونٹیز کے ساتھ بات چیت جاری رکھے گی۔

کیٹلن کیلینووسکی نے 2024 میں اوپن اے آئی میں شمولیت اختیار کی تھی۔ اس سے پہلے وہ میٹا پلیٹ فارمز میں آگمینٹڈ ریئلٹی ہارڈویئر ڈویلپمنٹ کی قیادت کر چکی تھیں۔

Read Entire Article