ARTICLE AD BOX
آن لائن ٹکٹس 17 مارچ سے دستیاب، پہلی بار 8 ٹیمیں شریک، فیصل آباد اور پشاور میں بھی میچز ہوں گے
شائع 16 مارچ 2026 10:07pm
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے شائقین کے لیے بڑی خبر سامنے آگئی ہے، ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 کے ٹکٹس کی فروخت کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے۔ لیگ کے ٹکٹس 17 مارچ سے آن لائن دستیاب ہوں گے جبکہ فزیکل ٹکٹس 24 مارچ سے ٹی سی ایس ایکسپریس سینٹرز سے حاصل کیے جا سکیں گے۔ رواں سیزن میں پہلی بار 8 ٹیمیں حصہ لیں گی اور میچز ملک کے چھ مختلف شہروں میں کھیلے جائیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 کے ٹکٹس کی آن لائن فروخت 17 مارچ کو دوپہر 12 بجے سے شروع ہوگی۔ شائقین ابتدائی مرحلے میں آن لائن ٹکٹ خرید سکیں گے جبکہ فزیکل ٹکٹس 24 مارچ سے ملک بھر کے ٹی سی ایس ایکسپریس سینٹرز پر دستیاب ہوں گے۔
اعلامیے کے مطابق اس سال پی ایس ایل میں پہلی بار 8 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جبکہ ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 44 میچز کھیلے جائیں گے۔ یہ میچز لاہور، کراچی، راولپنڈی، ملتان، فیصل آباد اور پشاور میں منعقد ہوں گے۔
پی سی بی کے مطابق فیصل آباد اور پشاور میں پہلی بار پی ایس ایل کے میچز کھیلے جائیں گے، جس سے ان شہروں کے کرکٹ شائقین کو بھی اس بڑے ایونٹ کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملے گا۔
ٹکٹوں کی قیمتوں کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ لاہور اور کراچی میں جنرل ٹکٹ کی قیمت 250 روپے سے شروع ہوگی۔ فیصل آباد میں جنرل ٹکٹ 300 روپے جبکہ ملتان اور راولپنڈی میں جنرل ٹکٹ 400 روپے سے شروع ہوگا۔
پی سی بی کے مطابق ایک شناختی کارڈ پر زیادہ سے زیادہ 8 ٹکٹ خریدے جا سکیں گے۔ کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں محدود تعداد میں ای ٹکٹ کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔
اعلامیے کے مطابق پشاور میں 28 مارچ کو ہونے والے پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے میچ کے لیے خصوصی فیملی انکلوژر مختص کیا گیا ہے جبکہ وی آئی پی فیملی زون کے ٹکٹس 2000 روپے میں دستیاب ہوں گے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں کارپوریٹ باکس بھی دستیاب ہوں گے جبکہ تمام سٹیڈیمز میں مختلف گیلریوں کے ٹکٹس بھی فروخت کیے جائیں گے۔
پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل 11 کے ٹکٹس کی فروخت لیگ کے ایک نئے دور کا آغاز ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹکٹوں کی قیمتیں اس لیے کم رکھی گئی ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ شائقین سٹیڈیم آکر میچز سے لطف اندوز ہو سکیں۔
.png)
1 hour ago
2







English (US) ·