Times of Pakistan

پی آئی اے ملازمین کے واجبات، گاڑیوں کے لیے ایکسپورٹ پالیسی منظور

9 hours ago 1
ARTICLE AD BOX

اسلام آباد:

وفاقی حکومت نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کے رٹائرڈملازمین کی طبی اور پنشن ادائیگیوں کے لیے 4.4 ارب روپے کی منظوری دیدی، جبکہ پرانی گاڑیوں کی مرمت کے بعد برآمد کیلیے درآمد کی نئی پالیسی بھی منظورکر لی گئی۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی)کے اجلاس میں یہ فیصلے کیے گئے۔ وزارت خزانہ کے مطابق پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ کیلیے مجموعی طور پر 6 ارب روپے کی درخواست زیر غور آئی، جس میں سے 4.4 ارب روپے طبی اور پنشن واجبات کی ادائیگی کیلیے منظورکیے گئے۔

ای سی سی نے پریسیژن انجینئرنگ کمپلیکس کے ملازمین کی تنخواہوں کیلیے 45 کروڑ 50 لاکھ روپے کی منظوری بھی دی، تاہم پی آئی اے سی ایل کیلیے 1.1 ارب روپے کی اضافی رقم کی منظوری مؤخرکر دی گئی۔

اجلاس میں مہنگائی کے رجحان پر بریفنگ بھی دی گئی، جس میں حکومتی مؤقف کے مطابق قیمتوں میں استحکام آ رہاہے، تاہم اسٹیٹ بینک نے اس کے برعکس مہنگائی بڑھنے کاخدشہ ظاہرکرتے ہوئے شرح سودمیں ایک فیصد اضافہ کرکے اسے 11.5 فیصدکردیاہے۔

ای سی سی نے بلوچستان میں افسران کیلیے مراعاتی پیکج کیلیے 31 کروڑ 10 لاکھ روپے،نیب کی ڈیجیٹلائزیشن کیلیے 37 کروڑ 20 لاکھ روپے اور قومی ہاکی ٹیم کیلیے 3 کروڑروپے کی منظوری بھی دی۔

مزید برآں جبری مشقت سے تیار کردہ اشیاء کی درآمد پر پابندی عائد کرنے،جبکہ استعمال شدہ گاڑیوں اور پرزہ جات کو عارضی طور پر درآمدکرکے مرمت کے بعد برآمدکرنے کی پائلٹ پالیسی کی بھی منظوری دی گئی۔

اس پالیسی کے تحت ایسی گاڑیاں ملک کے اندر فروخت نہیں کی جاسکیں گی۔اجلاس میں گوادرکے ڈونکی سلاٹرہاؤس سے گدھے کے گوشت اورکھالوں کی برآمدسے متعلق تجاویز کی بھی منظوری دی گئی۔

Read Entire Article