Times of Pakistan

پشاور میں ہولناک حادثہ؛ گھر میں آگ لگنے سے چار بچوں سمیت چھ افراد جاں بحق

1 hour ago 2
ARTICLE AD BOX

شائع 16 جولائ 2026 09:24am

پشاور کے علاقے تہکال پایان میں ایک انتہائی افسوسناک اور ہولناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک گھر میں اچانک آگ بھڑک اٹھنے سے ایک ہی خاندان کے چھ افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔

جاں بحق ہونے والوں میں میاں، بیوی اور ان کے چار معصوم بچے شامل ہیں جو آگ کی لپیٹ میں آنے کے باعث جان کی بازی ہار گئے۔

اس دلخراش واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچیں اور آگ پر قابو پانے کے لیے کارروائی شروع کی۔

ریسکیو حکام کے مطابق، سرچ آپریشن کے دوران گھر کے ایک کمرے سے چھ افراد کے جسد خاکی نکالے گئے۔

جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت ہو گئی ہے جن میں 55 سالہ سراج، ان کی 40 سالہ اہلیہ، 11 سالہ حریرہ، نو سالہ حنایا، چار سالہ حسنین اور تین سالہ منہال شامل ہیں۔

ہلاک ہونے والے تمام افراد ایک ہی کمرے میں موجود تھے اور ان کی موت آگ کی شدید تپش اور دم گھٹنے یعنی دھویں کی وجہ سے ہوئی ہے۔

اس واقعے کے حوالے سے ریسکیو 1122 کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ ”آگ مکان کے ہال والے حصے میں لگی تھی جہاں فرنیچر، فوم اور دیگر سامان رکھا ہوا تھا جس نے تیزی سے آگ پکڑ لی۔“

انہوں نے مزید بتایا کہ ”ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہیں اور اس حوالے سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔“

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر مکمل قابو پا لیا تھا لیکن کمرے میں دھواں اور تپش زیادہ ہونے کی وجہ سے قیمتی انسانی جانوں کا نقصان ہوا۔

Read Entire Article