Times of Pakistan

پاکستان کے لوگوں کی مہمان نوازی نے میرا دل جیت لیا، بھارتی اداکار عمران ہاشمی

9 hours ago 4
ARTICLE AD BOX

شائع 03 جولائ 2026 09:13am

بولی ووڈ اداکار عمران ہاشمی نے ایک حالیہ انٹرویو میں پاکستان، خصوصاً لاہور میں ملنے والی محبت اور مہمان نوازی کو یاد کرتے ہوئے اس کی دل کھول کر تعریف کی ہے۔

عمران ہاشمی بھارت کے ایک مشہور انٹرنیٹ پروگرام ’دی لّلن ٹاپ شو‘ میں گفتگو کر رہے تھے، جہاں انہوں نے ماضی میں اپنے دورہ پاکستان کی خوبصورت یادیں تازہ کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا دورہ ان کے لیے ایک خوشگوار اور یادگار تجربہ تھا۔

عمران ہاشمی نے کہا، “میری فلم ’آوارہ پن‘ پاکستان میں ریلیز ہوئی تھی۔ ہم فلم کی ریلیز کے لیے لاہور گئے تھے، جہاں مجھے بے حد محبت ملی۔ میرے ساتھ مہیش بھٹ صاحب بھی موجود تھے۔ لوگوں نے ہمارا بہت گرمجوشی سے استقبال کیا، جس نے مجھے حیران کر دیا۔

انہوں نے مزید کہا پاکستانیوں کی مہمان نوازی واقعی شاندار تھی اور میں اس سے بہت متاثر ہوا۔وہاں ہمیں جو محبت اور بہترین مہمان نوازی ملی اس سے میں واقعی لاجواب ہو گیا تھا۔

جب عمران ہاشمی سے پوچھا گیا کہ کیا پاکستان آنے سے پہلے ان کے ذہن میں کوئی خدشات یا تحفظات تھے، تو انہوں نے جواب دیا، ’بالکل نہیں۔ یہاں کے لوگ بہت اچھے ہیں۔‘

انٹرویو کے دوران میزبان نے عمران ہاشمی سے سوال کیا کہ کیا یہ درست ہے کہ ان کی فلم ”جنت“ کے زمانے میں پاکستان میں ان کے مداحوں کا اتنا زیادہ رش ہوگیا تھا کہ بھگدڑ مچ گئی تھی؟

تو عمران ہاشمی نے اس بات کی تصدیق کی اور مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ ہاں یہ بالکل سچ ہے، پاکستان میں ہماری ہندی فلموں کا بہت زیادہ کریز اور جنون پایا جاتا ہے اور پاکستان کے لوگ ہماری فلموں سے بے پناہ محبت کرتے ہیں۔

عمران ہاشمی کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر بھی ان کے خیالات پر تبصرے کیے جا رہے ہیں۔

کئی صارفین نے ان کے مثبت انداز اور پاکستان کے بارے میں اچھے الفاظ کو سراہا، جبکہ بعض لوگوں نے دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی روابط اور فنکاروں کی مقبولیت کو خوش آئند قرار دیا۔

عمران ہاشمی کا شمار بولی ووڈ کے کامیاب اداکاروں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے ”آوارہ پن“، ”مرڈر“، ”جنت“ اور ”ونس اپون اے ٹائم اِن ممبئی“ سمیت متعدد کامیاب فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔

ان کی فلموں کے گانے بھی دنیا بھر، خصوصاً پاکستان میں، کافی مقبول رہے ہیں، جس کے باعث یہاں ان کے مداحوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔

Read Entire Article