ARTICLE AD BOX
ایران اور امریکا کے درمیان مفاہمت کے بعد یہ ایرانی صدر کا پہلا غیر ملکی دورۂ ہوگا۔
اپ ڈیٹ 23 جون 2026 12:02am
امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ مذاکرات میں پاکستان کے سفارتی کردار اور کامیاب ثالثی کے تناظر میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان آج ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچیں گے۔ دورے کے دوران وہ صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقاتیں کریں گے، جن میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال، امن و استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ایرانی صدر کے دورے کے پیشِ نظر اسلام آباد میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ شاہراہِ دستور اور اہم سرکاری عمارتوں پر پاکستان اور ایران کے قومی پرچم آویزاں کر دیے گئے ہیں۔
ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’ارنا‘ کے مطابق ایران کے صدر مسعود پزشکیان ایک روزہ سرکاری دورے پر آج پاکستان پہنچ رہے ہیں، جہاں وہ صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔
دورے کو حالیہ علاقائی صورتِ حال اور ایران اور امریکا کے درمیان سفارتی پیش رفت کے تناظر میں انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایرانی صدر کے استقبال اور سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ شاہراہِ دستور سمیت اہم سرکاری عمارتوں اور شاہراہوں پر پاکستان اور ایران کے قومی پرچم آویزاں کر دیے گئے ہیں، جب کہ سیکیورٹی ادارے دورے کے دوران امن و امان کی صورتِ حال یقینی بنانے کے لیے متحرک ہیں۔
صدر مسعود پزشکیان اپنے دورۂ اسلام آباد کے دوران پاکستانی قیادت کے ساتھ دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتِ حال اور باہمی دل چسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے۔ ملاقاتوں میں تجارت، سرمایہ کاری، سرحدی تعاون، توانائی اور علاقائی استحکام سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر بھی بات چیت متوقع ہے۔
دورے کے ایجنڈے میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔ ذرائع کے مطابق ایرانی صدر حالیہ سفارتی پیش رفت، خصوصاً ایران اور امریکا کے درمیان مذاکراتی عمل میں پاکستان کے کردار پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کریں گے۔
پاکستان نے حالیہ مہینوں میں خطے میں کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کی کوششوں میں اہم کردار ادا کیا، جسے تہران قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
ایرانی خبر رساں ایجنسی کے مطابق صدر پزشکیان کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی رابطوں کے تسلسل، جاری تعاون کو مزید وسعت دینے اور پہلے سے طے شدہ اقتصادی و تجارتی معاہدوں پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے بھی اہم ہے۔
دونوں ممالک کی قیادت باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر بھی غور کرے گی۔
مبصرین کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ مفاہمت کے بعد یہ ایرانی صدر پزشکیان کا پہلا غیر ملکی دورہ ہے، جس سے پاکستان اور ایران کے قریبی تعلقات اور خطے میں اسلام آباد کے بڑھتے ہوئے سفارتی کردار کی اہمیت مزید اجاگر ہوتی ہے۔
خیال رہے کہ ایرانی صدر کے دورۂ پاکستان سے قبل سوئٹزرلینڈ کے شہر برگن اسٹاک میں ایران اور امریکا کے درمیان اہم امن مذاکرات ہوئے تھے۔ ’لیک لوسرن سمٹ‘ کے نام سے ہونے والے اس اجلاس میں ایران، امریکا، پاکستان اور قطر کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی تھی۔
مذاکرات کے دوران خطے میں کشیدگی کم کرنے، جنگی صورتِ حال کے خاتمے اور امن عمل کو آگے بڑھانے کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی تھی، جس کے بعد پاکستان کے سفارتی کردار کو بین الاقوامی سطح پر سراہا گیا۔
.png)
3 hours ago
1




English (US) ·