ARTICLE AD BOX
ترجمان دفتر خارجہ نے تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت کیے گئے اپنے وعدوں کی پاسداری کریں۔
شائع 12 جولائ 2026 10:47pm
پاکستان نے ایران اور امریکا کے درمیان حملوں کے تبادلے کے نتیجے میں خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقین سے تحمل کا مظاہرہ کرنے پر زور دیا ہے۔
اتوار کو ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان خطے میں پیش آنے والے حالیہ واقعات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے، جن کے باعث علاقائی کشیدگی میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہ پاکستان خطے کے تمام برادر ممالک کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔
پاکستان نے تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں، کشیدگی میں فوری کمی کے لیے اقدامات کریں اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت کیے گئے اپنے وعدوں کی پاسداری کریں۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے مزید کہا گیا کہ پاکستان مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے حصول کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے عزم پر قائم ہے۔
قبل ازیں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔ اس دوران دونوں رہنماؤں نے خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔
اسحاق ڈار نے جون 2026 کی اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے مطابق کشیدگی میں کمی، تحمل اور سفارت کاری کا راستہ اختیار کرنے پر زور دیا۔
پاکستان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان تازہ فوجی کشیدگی کے بعد مشرق وسطیٰ کی صورت حال مزید سنگین ہو گئی ہے۔ امریکی فوج نے ایران پر نئے حملے کیے ہیں جب کہ تہران نے اعلان کیا ہے کہ امریکی مداخلت کے خاتمے تک آبنائے ہرمز بند رہے گی۔
.png)
1 hour ago
1




English (US) ·