Times of Pakistan

پاکستان دہشتگردی کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے جبکہ بھارت دہشتگردی کو فروغ دے رہا ہے، عطااللہ تارڑ

7 hours ago 1
ARTICLE AD BOX

وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بھارت نے پاکستان پر جارحیت مسلط کی جبکہ پاکستان ایک ذمہ دار اور امن پسند ملک کے طور پر ہمیشہ خطے میں استحکام کا خواہاں رہا ہے، پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے جبکہ بھارت دہشت گردی کو فروغ دے رہا ہے۔

انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز میں معرکہ حق کی مناسبت سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے کہا کہ جموں و کشمیر ایک عالمی مسئلہ ہے اور اس حوالے سے اقوام متحدہ کی قراردادیں موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ داخلی مسائل کو خارجی اور خارجی مسائل کو داخلی رنگ دینا بھارت کا پرانا وطیرہ ہے، پہلگام واقعے کے حوالے سے کسی قسم کی تحقیقات نہیں کی گئیں اور صرف 10 منٹ کے اندر ایف آئی آر درج کر لی گئی جبکہ بغیر کسی تحقیق کے اس واقعے کا الزام پاکستان پر عائد کر دیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پی ایم اے کاکول میں کیڈٹس سے خطاب کے دوران پہلگام واقعے کی شفاف تحقیقات کرانے کی پیش کش کی تھی، تاہم ایک سال گزرنے کے باوجود بھارت کی جانب سے کوئی جواب نہیں دیا گیا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت تحقیقات سے بھاگ رہا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بھارت نے پاکستان میں سویلین آبادی کو نشانہ بنایا جبکہ پاکستان نے صرف عسکری اہداف کو ٹارگٹ کیا، پہلگام واقعے کے حوالے سے مقامی افراد اور صحافیوں کو بیلا نور شاہ کے علاقے کا دورہ بھی کروایا گیا تاکہ حقائق دنیا کے سامنے لائے جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ بیانیے کے محاذ پر پاکستان کو نمایاں کامیابی حاصل ہوئی اور دنیا کو بتایا گیا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے، اگر ایک پاکستانی دہشت گردی کے خلاف اپنی جان قربان کرتا ہے تو وہ صرف پاکستان نہیں بلکہ پوری دنیا کے امن کے لیے قربانی دیتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کو اربوں ڈالر کا نقصان برداشت کرنا پڑا جبکہ اس جنگ میں پاکستانی قربانیاں لازوال ہیں۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ ایک ایسا ملک پاکستان پر دہشت گردی کے الزامات لگا رہا ہے جو خود کینیڈا اور دیگر ممالک میں سکھ رہنماؤں کے قتل میں ملوث پایا گیا، پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے جبکہ بھارت دہشت گردی کو فروغ دے رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو پاکستان میں دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر گرفتار کیا گیا تھا اور اس کا پکڑا جانا بھارتی دہشت گرد ذہنیت کی واضح مثال ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ معرکہ حق کے دوران پاکستانی میڈیا نے ذمہ دارانہ کردار ادا کیا جبکہ بھارتی میڈیا اور حکومت نے جھوٹ اور غلط بیانی کا مظاہرہ کیا، بھارتی میڈیا نے لاہور اور ملتان میں بندرگاہوں کو نشانہ بنانے جیسے مضحکہ خیز اور جھوٹے دعوے کیے حالانکہ یہ دونوں لینڈ لاک شہر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بیانیہ، عسکری اور سفارتی محاذوں پر کامیابی حاصل کی جبکہ پاکستان کی سول و عسکری قیادت ایک پیج پر تھی اور ہر سطح پر مکمل تعاون اور ہم آہنگی موجود تھی، معرکہ حق کے دوران نوجوانوں نے سوشل میڈیا کو مؤثر ہتھیار کے طور پر استعمال کیا اور پوری قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی رہی۔

Read Entire Article