Times of Pakistan

پاکستان خطے میں امن کے لیے فعال کردار ادا کر رہا ہے، رضوان سعید شیخ

7 hours ago 1
ARTICLE AD BOX

واشنگٹن میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ عالمی برادری پاکستان کو ایک ایسے ملک کے طور پر دیکھتی ہے جو نہ صرف مذاکرات کروا سکتا ہے بلکہ کسی بھی معاہدے پر مؤثر عمل درآمد میں بھی مرکزی کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی یہ حیثیت صرف سفارت کاری تک محدود نہیں بلکہ اس میں دفاعی صلاحیتوں کا عنصر بھی نمایاں ہے جو اسے ایک قابلِ اعتماد ثالث بناتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کسی بھی ملک کے اندرونی معاملات میں مداخلت کا خواہاں نہیں بلکہ اس کی کوشش ہے کہ خطے میں مثبت اور نتیجہ خیز پیش رفت ممکن بنائی جائے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مشرق وسطیٰ میں پاکستان کا کردار ماضی میں بھی اہم رہا ہے اور مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔

رضوان سعید شیخ کے مطابق پاکستان مختلف عالمی قوتوں اور ممالک، جن میں امریکا، چین، روس، ایران، خلیجی ریاستیں، ترکیہ، مصر اور یورپی یونین شامل ہیں کے اعتماد کے ساتھ ثالثی کا کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے پاک-امریکا تعلقات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات تقریباً آٹھ دہائیوں پر محیط ہیں جن میں نشیب و فراز ضرور آئے تاہم دونوں ممالک نے ہر مشکل مرحلے کو عبور کیا۔ ان کے مطابق یہی تسلسل اور برداشت ان تعلقات کی اصل مضبوطی کو ظاہر کرتا ہے۔

Read Entire Article