ARTICLE AD BOX
ہمیں آبنائے ہرمز کی حفاظت کے لیے بیرونی لیبر نہیں چاہیے: ترجمان ایرانی خارجہ پالیسی کمیٹی
شائع 14 جولائ 2026 09:02am
ایرانی پارلیمان کی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیٹی کے ترجمان ابراہیم رضائی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیان پر سخت اور طنزیہ ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کو آبنائے ہرمز کی حفاظت کے لیے کسی بیرونی لیبر کی ضرورت نہیں۔
ابراہیم رضائی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ آبنائے ہرمز کا محافظ بننا چاہتے ہیں، لیکن ہمیں آبنائے ہرمز کی حفاظت کے لیے بیرونی لیبر نہیں چاہیے۔
انہوں نے مزید طنز کرتے ہوئے کہا کہ اگر ٹرمپ کو گارڈ کی نوکری کرنے کا اتنا ہی شوق ہے تو وہ لنزے گراہم کی قبر پر مجاور بن جائیں۔
ایرانی عہدیدار کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب آبنائے ہرمز کی سلامتی اور خطے میں کشیدگی کے حوالے سے امریکا اور ایران کے درمیان ایک بار پھر لفظی جنگ تیز ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔
ابراہیم رضائی کی جانب سے یہ ردعمل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان کے بعد سامنے آیا جس میں انہوں نے آبنائے ہرمز اور خطے کی سلامتی سے متعلق اظہارِ خیال کیا تھا۔
قطری نشریاتی ادارے ’الجزیرہ‘ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ’فاکس نیوز‘ کو ٹیلی فونک انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ہم آبنائے ہرمز کو محفوظ رکھیں گے اور ممکن ہے اسے ہم ہی چلائیں۔ ہم اس آبنائے کے نگہبان بن جائیں گے، شاید اسے گارڈین اینجل آف دی اسٹریٹ کہیں، اور اس کے لیے ہمیں معاوضہ ملنا چاہیے۔
صدر ٹرمپ نے انٹرویو میں کہا تھا کہ امریکا آبنائے ہرمز کی حفاظت کے بدلے میں بہت زیادہ رقم حاصل کرے گا۔ ان کے بقول دیگر ممالک بہت خوش حال ہیں، وہ امریکا کے ساتھ ہیں اور امریکا سے یہ توقع نہیں کی جا سکتی کہ وہ یہ ذمہ داری بلا معاوضہ انجام دے۔
اسی گفتگو میں ٹرمپ نے ایران کو سخت انتباہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ امریکا نے گزشتہ رات ایرانی فوجی سازوسامان کو شدید نقصان پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے بیشتر عسکری آلات تباہ ہو چکے ہیں اور امریکی کارروائیوں میں فضائی دفاعی نظام کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
واضح رہے کہ آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین بحری گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے، جہاں سے عالمی سطح پر تیل کی بڑی مقدار سمندری راستے سے منتقل کی جاتی ہے، اسی لیے اس علاقے میں پیدا ہونے والی کشیدگی پر دنیا بھر کی نظریں مرکوز رہتی ہیں۔
.png)
15 hours ago
2






English (US) ·