Times of Pakistan

وزیراعظم کی امیر قطر سے ملاقات، شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کے انتقال پر تعزیت

1 hour ago 2
ARTICLE AD BOX

شہباز شریف نے اس گہرے صدمے کی گھڑی میں قطر کی قیادت اور عوام کے ساتھ پاکستان کی غیرمتزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا۔

شائع 13 جولائ 2026 05:56pm

وزیراعظم شہبازشریف کی قیادت میں پاکستانی وفد نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کی اور سابق امیر قطر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے۔

وزیراعظم آفس کے مطابق پیر کے روز وزیراعظم محمد شہباز شریف ایک روزہ دورے پر قطر کے دارالحکومت دوحہ پہنچے اور ریاستِ قطر کے امیرِ شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کے انتقال پر حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے ریاستِ قطر کی قیادت اور عوام سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

سابق وزیراعظم نواز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ تھے۔

دوحہ میں وزیراعظم کی قیادت میں پاکستانی وفد نے ریاستِ قطر کے امیر، عزت مآب شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات کی اور امیرِ والد کے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہار کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مرحوم امیرِ والد کی دوراندیش قیادت، مدبرانہ بصیرت اور قطر کی غیرمعمولی ترقی کے ساتھ ساتھ خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے فروغ کے لیے ان کی گراں قدر خدمات کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔

وزیراعظم نے پاکستان کے لیے مرحوم امیرِ کی گرمجوشی، شفقت اور دیرینہ محبت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے پاکستان کے متعدد یاد گار دوروں کا بھی قدر و منزلت سے ذکر کیا۔

شہباز شریف نے اس گہرے صدمے کی گھڑی میں قطر کی قیادت اور عوام کے ساتھ پاکستان کی غیرمتزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور قطری شاہی خاندان اور قطر کی برادر عوامِ کو یہ ناقابلِ تلافی صدمہ صبر و حوصلے کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

امیرِ قطر نے وزیراعظم محمد شہباز شریف، سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف، نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور پاکستانی وفد کا ذاتی طور پر دوحہ آ کر تعزیت کرنے پر شکریہ ادا کیا اور اس جذبے کو دونوں برادر ممالک اور عوام کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کا مظہر قرار دیا۔

واضح رہے کہ قطر کے سابق امیر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی گزشتہ روز 74 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔

Read Entire Article