Times of Pakistan

وزیراعظم کا سعودی ولی عہد سے رابطہ، ایران پر اسرائیلی حملے اورخلیجی ممالک پر حملوں کی مذمت

1 week ago 14
ARTICLE AD BOX

شائع 28 فروری 2026 08:43pm

وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد سے ٹیلیفونک گفتگو میں اسرائیل کے ایران پر حملے اور خلیجی ممالک پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب سے غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے ولی عہد و وزیراعظم محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے ٹیلی فونک رابطہ کیا جس میں خطے کی تازہ سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے ہفتے کے روز اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے کے نتیجے میں پیدا ہونے والی سنگین علاقائی کشیدگی اور بعد ازاں بعض خلیجی ممالک پر ہونے والے افسوسناک حملوں کی شدید مذمت کی۔

انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات خطے کے امن و استحکام کے لیے انتہائی خطرناک ہیں اور صورت حال کو مزید بگاڑ سکتے ہیں۔

وزیراعظم نے موجودہ نازک صورت حال میں سعودی قیادت کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی اور بھرپور حمایت کا یقین دلاتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستان ہر حال میں، ہر وقت اور ہر مشکل گھڑی میں اپنے سعودی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے اپنی ثابت قدم حمایت جاری رکھے گا۔

گفتگو کے دوران وزیراعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان اس حساس مرحلے پر تعمیری اور مثبت کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے تاکہ خطے میں کشیدگی کم کی جا سکے۔

انہوں نے دعا کی کہ ماہِ مقدس رمضان المبارک کی برکتوں کے طفیل خطے میں جلد از جلد امن، استحکام اور ہم آہنگی قائم ہو۔

Read Entire Article