ARTICLE AD BOX
ایرانی صدر نے خامنہ ای کی تدفین میں شرکت پر پاکستانی اعلیٰ قیادت کا شکریہ ادا کیا، رابطے جاری رکھنے پر اتفاق بھی ہوا۔
شائع 10 جولائ 2026 11:16pm
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایران کے صدر مسعود پزشکیان سے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے خطے میں حالیہ بڑھتی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور اسلام آباد مفاہمی یادداشت، وعدوں اور ذمہ داریوں کی پاسداری کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
وزیراعظم آفس کے مطابق جمعے کے روز وزیراعظم شہباز شریف نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور خطے میں حالیہ کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کی فوری بحالی کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیراعظم نے ایران اور دیگر تمام متعلقہ فریقوں پر زور دیا کہ وہ تحمل و بردباری کا مظاہرہ کریں اور ایسے کسی بھی اقدام سے گریز کریں جو گزشتہ چند ماہ کے دوران امن کے لیے حاصل ہونے والی کامیابیوں کو نقصان پہنچا سکتا ہو۔
شہباز شریف نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کے تحت کیے گئے باہمی وعدوں اور ذمہ داریوں کی پاسداری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ مفاہمتی یادداشت خطے اور اس سے باہر باہمی افہام و تفہیم، احترام اور مشترکہ خوشحالی کے فروغ کے لیے پائیدار بنیاد فراہم کرتی ہے۔
انہوں نے خطے میں امن کے فروغ کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے صدر پزشکیان کو یقین دلایا کہ پاکستان علاقائی امن و استحکام کی بحالی اور اسے برقرار رکھنے کے لیے مخلصانہ اور دیانتدارانہ کردار ادا کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے وزیراعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پاکستان کی دیگر اعلیٰ قیادت کی جانب سے مرحوم سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی نمازِ جنازہ اور تدفین میں شرکت پر شکریہ ادا کیا۔
مسعود پزشکیان نے خطے میں امن کے لیے ایران کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس ضمن میں پاکستان کی حمایت اور تعمیری کردار کو سراہا۔
دونوں رہنماؤں نے گزشتہ ماہ صدر پزشکیان کے دورۂ اسلام آباد کے دوران طے پانے والے فیصلوں پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا اور دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے ان پر تیزی سے عملدرآمد جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم نے ایران کے نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کے لیے نیک تمناؤں اور پرتپاک جذبات کا اظہار بھی کیا۔ گفتگو کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے باہمی رابطے برقرار رکھنے اور علاقائی امن و استحکام سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
.png)
1 hour ago
1





English (US) ·