ARTICLE AD BOX
.
شائع 22 جولائ 2026 10:28am
ہالی ووڈ کی نوجوان اداکارہ کیلی ہوٹِل، جنہوں نے مقبول فلم سیریز ”گاڈزیلا ورسز کانگ“ میں اپنی اداکاری سے عالمی شہرت حاصل کی، 18 برس کی عمر میں ایک ٹریفک حادثے میں انتقال کر گئی ہیں۔ ان کی اچانک موت پر فلمی دنیا، مداحوں اور بہرے افراد کی کمیونٹی میں گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کیلی ہوٹل ریاست میری لینڈ کے علاقے آئیجمز وِل میں پیش آنے والے ایک کار حادثے میں جان کی بازی ہار گئیں۔ مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ منگل کی صبح تقریباً 2 بج کر 50 منٹ پر پیش آیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثے کی ممکنہ وجہ ایک گاڑی کی تیز رفتاری بتائی جا رہی ہے، تاہم واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس کے مطابق گاڑی چلانے والا 19 سالہ نوجوان بھی زخمی ہے، تاہم اس کی جان کو خطرہ نہیں تھا، اسے علاج کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا تھا، جبکہ گاڑی میں موجود ایک دوسرے مسافر نے جائے وقوعہ پر ہی طبی امداد لینے سے انکار کر دیا۔
کیلی ہوٹل کے والد جوشوا ہوٹل نے فیس بک پر امریکی اشاروں کی زبان (امریکن سائن لینگویج) میں ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے اپنی بیٹی کے انتقال کی تصدیق کی۔ ان کے بیان کے بعد دنیا بھر سے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ شروع ہو گیا۔
کیلی ہوٹل پیدائشی طور پر سماعت سے محروم تھیں۔ انہوں نے 2021 میں ریلیز ہونے والی فلم ”گاڈزیلا ورسز کانگ“ میں جیا نامی ایک یتیم بچی کا کردار ادا کیا تھا، جو اشاروں کی زبان کے ذریعے کانگ سے رابطہ کرتی تھی۔ ان کی اداکاری کو دنیا بھر میں بے حد سراہا گیا، جس کے بعد انہوں نے 2024 میں ریلیز ہونے والی فلم ”گاڈزیلا ایکس کانگ: دی نیو ایمپائر“ میں بھی اسی کردار کو دوبارہ نبھایا۔
ان فلموں میں انہوں نے ریبیکا ہال، ڈین اسٹیونز، الیگزینڈر اسکارسگارڈ اور ملی بوبی براؤن سمیت کئی معروف ہالی ووڈ اداکاروں کے ساتھ کام کیا۔ 2024 کی فلم میں شاندار کارکردگی پر انہیں فلمی ایوارڈ ”سیٹرن ایوارڈ“ میں بہترین نوجوان اداکارہ کی کیٹیگری کے لیے بھی نامزد کیا گیا تھا۔
کیلی ہوٹل نے ”ٹیکساس اسکول فار دی ڈیف“ سے تعلیم حاصل کی تھی۔ ادارے نے انسٹاگرام پر جاری اپنے تعزیتی بیان میں گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس مشکل وقت میں ان کی دعائیں کیلی کے اہل خانہ، دوستوں، ہم جماعتوں اور ان تمام افراد کے ساتھ ہیں جو انہیں جانتے اور ان سے محبت کرتے تھے۔
دوسری جانب وارنر برادرز نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کیلی ہوٹل کی تصویر کے ساتھ انہیں خراج عقیدت پیش کیا اور ان کی خدمات کو یاد کیا۔
کیلی ہوٹل کو نہ صرف ایک باصلاحیت نوجوان اداکارہ بلکہ ہالی ووڈ میں بہرے فنکاروں کی نمائندگی مضبوط بنانے والی شخصیت کے طور پر بھی یاد کیا جا رہا ہے۔ ان کے کردار نے دنیا بھر میں بہت سے ایسے بچوں اور نوجوانوں کو حوصلہ دیا جو خود بھی سماعت سے محرومی کا سامنا کر رہے ہیں، اور انہیں بڑے پردے پر اپنی نمائندگی دیکھنے کا موقع ملا۔
.png)
7 hours ago
2





English (US) ·