ARTICLE AD BOX
شائع 22 جولائ 2026 03:43pm
پاکستان کی سینئراداکارہ مرینہ خان نے پہلی مرتبہ اپنے سفید بال نہ رنگنے کی وجہ بتادی اور اس سے جڑا ایک دلچسپ واقعہ بھی شیئر کیا۔
حال ہی میں ٹی وی کے ایک پروگرام میں جب ان سے بالوں کو ڈائی نہ کرنے سے متعلق سوال پوچھا گیا تو انہوں نے ہنستے ہوئے اعتراف کیا کہ وہ اس معاملے میں کافی سادہ مزاج ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک بار بالوں کو رنگ لیا جائے تو بعد میں بار بار ٹچ اپ کروانا پڑتا ہےاور وہ اس جھنجھٹ میں پڑنا نہیں چاہتیں۔
مرینہ خان نے بتایا کہ ان کے اس فیصلے پر ان کی والدہ کا بھی گہرا اثر ہے۔ انہوں نے ایک پرانا واقعہ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ اسکول کی ایک تقریب کے دوران وہ اپنی والدہ کو تلاش کر رہی تھیں۔ پچھلی نشستوں پر بیٹھی خواتین میں سے ایک خاتون کے بال سفید تھے، تو انہوں نے سوچا کہ یہ ان کی والدہ نہیں ہو سکتیں اور آگے بڑھ گئیں لیکن جب انہوں نے دوبارہ نظر ڈالی تو معلوم ہوا کہ وہ خاتون دراصل ان کی والدہ ہی تھیں۔
اداکارہ نے کہا کہ اسی لمحے انہیں احساس ہوا کہ ان کی والدہ کے بال سفید ہو چکے تھے، مگر انہوں نے کبھی اس بات کو اہمیت نہیں دی۔ اس واقعے نے انہیں سوچنے پر مجبور کیا کہ اگر ان کی والدہ سفید بالوں کے ساتھ باوقار اور خوبصورت لگ سکتی ہیں تو وہ خود کیوں نہیں؟وہ بھی اپنے بالوں کے قدرتی سفید رنگ کو قبول کر سکتی ہیں۔
مرینہ خان نے یہ بھی واضح کیا کہ انہوں نے ہمیشہ کے لیے ہیئر کلر ترک نہیں کیا۔ انہوں نے بتایا کہ چند مرتبہ بال ڈائی کروائے ہیں مگر پھر ترک ہی کردیا اور اب وہ بال ڈائی نہیں کرتیں۔
واضح رہے کہ مرینہ خان پاکستان کی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکاراؤں میں شامل ہیں اور کئی دہائیوں پر محیط اپنے فنی سفر میں متعدد کامیاب ڈراموں کے ذریعے ناظرین کی بھرپور داد سمیٹ چکی ہیں۔ مرینہ خان کے مشہور ڈراموں میں ”تنہائیاں“ اور ”دھوپ کنارے“ شامل ہیں۔
.png)
6 hours ago
1







English (US) ·