Times of Pakistan

ماں بننے کے بعد جسمانی تبدیلیوں پر تنقید، زرا نور عباس نے دوٹوک جواب دے دیا

22 hours ago 3
ARTICLE AD BOX

اداکارہ نے انکشاف کیا کہ کچھ برانڈز نے صرف ان کی جسمانی ساخت کی وجہ سے ساتھ کام کرنے سے انکار کیا

اداکارہ زرا نور عباس نے ماں بننے کے بعد خواتین کو درپیش جسمانی تبدیلیوں، باڈی شیمنگ اور ورکنگ ویمنز پر معاشرتی دباؤ کے خلاف کھل کر آواز بلند کی ہے۔

ایک حالیہ انٹرویو میں زرا نور عباس نے اپنی ذاتی زندگی، کیریئر اور زچگی کے بعد آنے والی تبدیلیوں پر تفصیل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں خواتین سے یہ غیر حقیقی توقع رکھی جاتی ہے کہ وہ حمل کے فوراً بعد پہلے جیسی شکل میں واپس آجائیں، جو کہ نہ صرف غیر فطری ہے بلکہ ذہنی دباؤ کا باعث بھی بنتا ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ ماں بننے کے بعد عورت کی زندگی مکمل طور پر بدل جاتی ہے۔ ان کے مطابق زچگی نے انہیں زیادہ نرم مزاج، پُرسکون اور جذباتی طور پر زیادہ حساس بنا دیا ہے، اور وہ اب لوگوں خصوصاً دیگر ماؤں کے احساسات کو پہلے سے بہتر طور پر سمجھ سکتی ہیں۔

زرا نور عباس نے اس تاثر کو بھی رد کیا کہ خواتین بیک وقت کیریئر اور گھریلو ذمے داریاں نبھانے کے قابل نہیں ہوتیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سوچ پرانی اور غیر حقیقت پسندانہ ہے، جبکہ خواتین دونوں کردار بخوبی ادا کر سکتی ہیں اگر انہیں سپورٹ حاصل ہو۔

انہوں نے شوبز انڈسٹری اور سوشل میڈیا پر ہونے والی باڈی شیمنگ کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں اپنے کیریئر کے دوران بار بار وزن اور جسمانی ساخت پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ بعض اوقات انہیں یہ بھی کہا گیا کہ وہ انڈسٹری کے معیار کے مطابق نہیں ہیں۔

اداکارہ نے انکشاف کیا کہ کچھ برانڈز نے صرف ان کی جسمانی ساخت کی وجہ سے ان کے ساتھ کام کرنے سے انکار کیا، جس سے ان کے اعتماد کو شدید دھچکا لگا۔

زرا نور عباس نے کہا کہ ایسی تنقید انہیں جذباتی طور پر متاثر کرتی رہیں، یہاں تک کہ کئی بار وہ رونے پر مجبور ہوئیں، تاہم بعد میں انہوں نے فیصلہ کیا کہ وہ اب دوسروں کی رائے کو اپنی پہچان طے نہیں کرنے دیں گی۔

انہوں نے زور دیا کہ معاشرے کو خواتین کے جسم پر تبصرہ کرنا بند کرنا چاہیے، خاص طور پر اس وقت جب وہ ماں بننے جیسے مشکل اور تکلیف دہ مرحلے سے گزری ہوں۔

Read Entire Article