ARTICLE AD BOX
میناکشی شیشادری 30 سال کے بعد بھارت منتقل ہوئی ہیں اور انڈسٹری میں دوبارہ کام کرنے کی خواہشمند ہیں
بھارتی سینئر اداکارہ 1980 اور نوے کی دہائی کی مقبول فلم اسٹار میناکشی شیشادری نے تین دہائیوں بعد بھارت واپسی اختیار کرلی ہے اور شوبز انڈسٹری میں دوبارہ سرگرم ہونے کا عندیہ دیا ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق میناکشی شیشادری حال ہی میں بھارت منتقل ہوئی ہیں اور وہ ایک مرتبہ پھر فلمی دنیا میں نئے مواقع کی تلاش میں ہیں۔ اداکارہ نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو کے ذریعے اپنی واپسی کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے مداحوں کا شکریہ ادا کیا۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ 30 سال بعد وہ دوبارہ ممبئی، بھارت میں موجود ہیں اور امید اور جذبے کے ساتھ انڈسٹری میں واپسی کررہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ایسے کردار ادا کرنا چاہتی ہیں جو مرکزی ہوں یا معاون، حتیٰ کہ مختصر کردار ہی کیوں نہ ہو، لیکن ان میں اثر ضرور ہو۔ میناکشی شیشادری نے مزید بتایا کہ وہ فلموں کے ساتھ ساتھ او ٹی ٹی پلیٹ فارمز پر بھی کام کے لیے تیار ہیں، تاہم وہ صرف ایسے پروجیکٹس کا انتخاب کریں گی جو انہیں بطور فنکار چیلنج کریں۔ ان کے مطابق انہیں کئی پیشکشیں ملیں، مگر وہ زیادہ متاثر کن نہ تھیں۔ اداکارہ نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ کسی ایجنسی کے سہارے کے بغیر اپنے نئے سفر کو خود سنبھال رہی ہیں اور فی الحال بنیادی طور پر بھارت میں مقیم ہیں، جبکہ کبھی کبھار خاندان کے ساتھ وقت گزارنے کے لیے امریکا بھی جاتی ہیں۔ میناکشی شیشادری نے کہا کہ وہ کسی کو کچھ ثابت کرنے نہیں آئیں بلکہ صرف وہی کرنا چاہتی ہیں جو انہیں خوشی دیتا ہے۔ انہوں نے مداحوں سے درخواست کی کہ وہ ان کا ساتھ دیتے رہیں کیونکہ ان کی محبت ہی انہیں آگے بڑھنے کا حوصلہ دیتی ہے۔
.png)
13 hours ago
3






English (US) ·