Times of Pakistan

لاہور: غیر ملکی خواتین کیس، میڈیکل رپورٹ میں ایک خاتون سے زیادتی ثابت

8 hours ago 1
ARTICLE AD BOX

شائع 04 جولائ 2026 03:37pm

لاہور میں دو غیر ملکی خواتین کے مبینہ اجتماعی زیادتی کیس میں ایک غیر ملکی خاتون کی میڈیکل رپورٹ سامنے آئی ہے جس کے مطابق جنسی زیادتی کی تصدیق ہوئی ہے۔ دوسری جانب وینزویلا سے تعلق رکھنے والی متاثرہ خاتون اسٹرڈ گیبریلا روبنسن کا مجسٹریٹ کے سامنے ریکارڈ کیا گیا بیان بھی سامنے آ گیا ہے، جس میں انہوں نے تمام الزامات کی تصدیق کی ہے۔

لاہور کے ڈیفنس سی پولیس اسٹیشن میں دو غیر ملکی خواتین کی جانب سے مبینہ اغوا، اجتماعی زیادتی اور تاوان طلبی کے مقدمے میں نئی پیش رفت سامنے آئی ہے۔

ذرائع کے مطابق پولیس کو موصول ہونے والی ابتدائی میڈیکل رپورٹ میں ایک غیر ملکی خاتون کے ساتھ جنسی زیادتی کی تصدیق ہوئی ہے۔ گرفتار کیے گئے چار ملزمان میں سے تین افراد پر خاتون کے ساتھ جنسی زیادتی کا الزام ہے، تاہم حتمی نتائج ڈی این اے اور فرانزک رپورٹس سامنے آنے کے بعد ہی واضح ہوں گے۔

پولیس کے مطابق متاثرہ خواتین اور ملزمان کے ڈی این اے نمونے پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی بھجوا دیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ گرفتار ملزمان کے موبائل فون بھی فرانزک تجزیے کے لیے لیبارٹری روانہ کر دیے گئے ہیں تاکہ ڈیجیٹل شواہد کا جائزہ لیا جا سکے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ تفتیش کو آئندہ مرحلے میں فرانزک اور ڈی این اے رپورٹس کی روشنی میں آگے بڑھایا جائے گا۔

پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان نے مبینہ طور پر متاثرہ خواتین سے ان کے ڈیجیٹل والٹ سے تقریباً 19 ہزار امریکی ڈالر اپنے اکاؤنٹس میں منتقل کرائے۔ ذرائع کے مطابق دونوں فریقین کے درمیان کرپٹو کرنسی میں سرمایہ کاری بھی موجود تھی، جس کی مالیت چار سے پانچ لاکھ امریکی ڈالر بتائی جا رہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان مبینہ طور پر اس سرمایہ کاری پر منافع کا مطالبہ کر رہے تھے۔ تاہم پولیس نے اس پہلو کی تفتیش مکمل ہونے تک کوئی حتمی مؤقف اختیار نہیں کیا۔

Read Entire Article