Times of Pakistan

لاہور: اچھرہ کے ٹیوشن سینٹر میں 10 سالہ بچی کی پراسرار موت، گھر کا مالک زیر حراست

1 hour ago 1
ARTICLE AD BOX

بچی واش روم سے بے ہوشی کی حالت میں ملی تھی اور اسپتال منتقل کیے جانے کے باوجود جانبر نہ ہو سکی: پولیس

شائع 09 جولائ 2026 09:56pm

لاہور کے علاقے اچھرہ کے ایک ٹیوشن سینٹر میں 10 سالہ بچی پراسرار طور پر مردہ پائی گئی ہے، پولیس کے مطابق بچی واش روم سے بے ہوشی کی حالت میں ملی تھی اور اسپتال منتقل کیے جانے کے باوجود جانبر نہ ہو سکی۔ دوسری جانب پولیس نے گھر کے مالک کوحراست میں لے لیا ہے۔

جمعرات کو لاہور کے علاقے اچھرہ سے ایک افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں 10 سالہ بچی کی لاش برآمد ہوئی، بچی کی شناخت نعیمہ کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق بچی 3 منزلہ گھر کی دوسری منزل پر قائم ٹیوشن سینٹر میں پڑھنے آئی تھی، جہاں گھر کی خواتین بچوں کو ٹیوشن پڑھا رہی تھیں۔

پولیس کے مطابق بچی دوران کلاس واش روم جانے کے لیے گراؤنڈ فلور پر گئی تاہم تقریباً 10 منٹ تک واپس نہ آنے پر ٹیچر اسے دیکھنے نیچے گئی، جہاں بچی واش روم میں بے ہوشی کی حالت میں پڑی ہوئی تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ٹیچر کے شور مچانے پر اہلِ محلہ جمع ہوگئے اور بچی کو ہوش میں لانے کی کوشش کی گئی، اس پر پانی کے چھینٹے بھی مارے گئے لیکن حالت بہتر نہ ہونے پر اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کر دی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ بچی کی گردن پر نشانات پائے گئے ہیں، جس کے باعث قتل کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے، ابتدائی طور پر یہ خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے کہ بچی کو مبینہ زیادتی کے بعد قتل کیا گیا ہو تاہم حتمی حقائق میڈیکل اورتفتیشی رپورٹ کے بعد سامنے آئیں گے۔

واقعے کے بعد پولیس نے گھر کے مالک عبدالرؤف کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔ پولیس کے مطابق عبدالرؤف کی دونوں بیٹیاں اسی گھر میں بچوں کو ٹیوشن پڑھاتی ہیں، جہاں تقریباً 20 بچے اور بچیاں زیرِ تعلیم ہیں۔

دوسری جانب بچی کے اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ ان کی بیٹی نعیمہ نے خودکشی نہیں کی بلکہ اسے مبینہ طور پر قتل کیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں جب کہ میڈیکل، فرانزک اور تفتیشی رپورٹس کی روشنی میں مزید حقائق سامنے آئیں گے۔

Read Entire Article