Times of Pakistan

صدر ٹرمپ کا جوہری معاہدے تک آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی جاری رکھنے کا اعلان

3 hours ago 1
ARTICLE AD BOX

شائع 29 اپريل 2026 10:00pm

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی تجویز مسترد کرتے ہوئے آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی جاری رکھنے کا اعلان کردیا ہے۔ صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے جوہری معاہدے پر راضی ہونے تک ناکہ بندی جاری رہے گی۔

بدھ کو امریکی نیوز ویب سائٹ ایگزوس کو دیے گئے انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کھولنے اور امریکی ناکہ بندی ختم کرنے کی تجویز کو مسترد کر دیا گیا ہے۔ ان کے مطابق واشنگٹن کا مؤقف ہے کہ پہلے ایران کو جوہری معاہدے پر آمادہ ہونا ہوگا۔

رپورٹس کے مطابق امریکی سینٹرل کمانڈ (سینیٹ کام) نے ایران پر ”مختصر اور طاقتور“ فضائی حملوں کا ایک منصوبہ بھی تیار کیا ہے، جس کا مقصد مذاکرات میں تعطل توڑنا بتایا جا رہا ہے۔ ان ممکنہ حملوں میں بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

ان حملوں کے بعد ایران کو دوبارہ مذاکرات کی میز پر لانے اور زیادہ لچک دکھانے پر مجبور کیا جائے گا تاہم تاحال کسی فوجی کارروائی کا باضابطہ حکم جاری نہیں کیا گیا۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کی بحری ناکہ بندی بمباری کے مقابلے میں زیادہ مؤثر ہے اور ایران اس صورت حال میں شدید دباؤ کا شکار ہے۔ ان کے مطابق ایران جوہری ہتھیار حاصل نہیں کر سکتا۔

امریکی صدر نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ایران کی تیل کی برآمدات رکنے سے اس کے آئل ذخائر اور پائپ لائنز خطرناک حد تک دباؤ میں ہیں تاہم بعض ماہرین نے اس دعوے پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا ہے۔

ٹرمپ کے مطابق تہران ناکہ بندی ختم کرانے کے لیے معاہدہ چاہتا ہے لیکن امریکا اس وقت تک کوئی نرمی نہیں دکھائے گا جب تک جوہری معاملہ حل نہیں ہوتا۔

انٹرویو کے دوران صدر ٹرمپ نے ممکنہ فوجی کارروائی یا آئندہ عسکری منصوبوں پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا تاہم انہوں نے مؤقف دہرایا کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیے جائیں گے۔

دوسری جانب ایرانی سرکاری میڈیا سے منسوب سیکیورٹی ذرائع نے خبردار کیا ہے کہ امریکی بحری ناکہ بندی کے خلاف جلد ”عملی اور غیر معمولی ردعمل“ سامنے آ سکتا ہے۔

ایرانی ذرائع کے مطابق ملک کی مسلح افواج نے اب تک تحمل کا مظاہرہ کیا ہے تاکہ سفارت کاری کو موقع دیا جا سکے تاہم اگر ناکہ بندی جاری رہی تو سخت جواب دیا جائے گا۔

Read Entire Article