ARTICLE AD BOX
پاکستان کے مشہور اداکار، گلوکار اور رائٹر محسن عباس حیدر نے شوبز انڈسٹری میں منشیات کے استعمال سے متعلق اہم انکشافات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے فنکاروں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے جو نشے کی حالت میں شوٹنگ پر آتے ہیں۔
محسن عباس حیدر نے حال ہی میں نجی چینل کے ایک پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے شوبز انڈسٹری کے ایک بہت بڑے اور کڑوے سچ سے پردہ اٹھایا۔
انہوں نے دوران انٹڑویو ان اداکاروں اور ہدایت کاروں کے بارے میں کھل کر بات کی جو شوٹنگ کے دوران نشہ کر کے کام پر آتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کس طرح اس بری عادت کی وجہ سے کام کا نقصان ہوتا ہے اور معاشرے پر برا اثر پڑتا ہے۔
محسن عباس حیدر نے شو کے دوران اپنے ساتھ پیش آنے والا ایک سچا واقعہ سناتے ہوئے کہا کہ میں نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کی تھی کہ جو اداکار، اداکارائیں اور ڈائریکٹرز نشے کی حالت میں شوٹنگ سیٹ پر آتے ہیں ان پر مکمل پابندی ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ، چونکہ میں ایک وقت میں صرف ایک ہی ڈرامے میں کام کرتا ہوں، اس لیے میری پوسٹ پڑھتے ہی مجھے اس ڈرامے کی پروڈکشن کمپنی کی طرف سے فوراً فون آ گیا، انہوں نے مجھ سے پوچھا کہ محسن بھائی، آپ ابھی ہمارے ہی ڈرامے کی شوٹنگ پر ہیں نا؟ تو آپ نے یہ پیغام کس کے لیے لکھا ہے؟ جس پر میں نے انہیں جواب دیا کہ ہاں، میں آپ ہی کے سیٹ پر ہوں اور یہ بات اسی جگہ کے بارے میں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ، اس کے بعد کمپنی والوں نے مجھ سے پوچھا کہ کیا آپ فلاں خاص اداکار یا اداکارہ کے بارے میں بات کر رہے ہیں؟ تو میں نے کہا کہ جی ہاں۔ انہوں نے مجھے تسلی دی کہ ٹھیک ہے، ہم اس معاملے کو دیکھیں گے۔
محسن عباس حیدر نے شوٹنگ کے دوران پیش آنے والی مشکل کا ذکر کرتے ہوئے مزید کہا کہ آپ اندازہ لگائیں کہ ڈرامے کی ہیروئن کی آنکھیں میری آنکھوں سے مل ہی نہیں پا رہی تھیں، میں اس سے بات کر رہا تھا اور اس کی آنکھیں کسی دوسری طرف گھوم رہی تھیں۔
اداکار کا کہنا تھا کہ، ہمیں کسی بھی ایسی چیز کی حوصلہ افزائی نہیں کرنی چاہیے جو معاشرے کی بربادی کا سبب بنے۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا بعد میں کمپنی نے اس معاملے پر کوئی کارروائی کی؟ تو محسن عباس حیدر نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ جی ہاں، انہوں نے بالکل اس معاملے کو دیکھا اور کارروائی کی۔
یاد رہے کہ محسن عباس حیدر نے جنوری 2025 میں بھی سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کے ذریعے نشے کی حالت میں کام کرنے والے فنکاروں پر تنقید کی تھی۔ تاہم محسن عباس حیدر نے پروگرام میں کسی اداکار یا اداکارہ کا نام نہیں لیا، اس لیے ان کے الزامات کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔
.png)
5 hours ago
1




English (US) ·