Times of Pakistan

شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، فتنہ الخوارج کے 22 دہشت گرد ہلاک

1 day ago 5
ARTICLE AD BOX

ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے: آئی ایس پی آر

سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں آپریشن کرتے ہوئے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 22 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر شمالی وزیرستان کے علاقے شیوہ میں آپریشن کیا اور اس دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوگیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 22 دہشت گرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے، جو علاقے میں متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں سرگرم رہے تھے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق اس وقت علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے رکھا ہے، شواہد سے یہ بھی ثابت ہوا ہے کہ خوارج مقامی آبادی کو زبردستی اور دھمکیاں دے کر انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرتے رہے تاکہ محفوظ راستہ حاصل کیا جا سکے، جو ایک انتہائی قابلِ مذمت عمل ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ علاقے میں چھپے ہوئے خوارج کے خاتمے کے لیے آپریشن جاری رہے گا، جب کہ ’عزمِ استحکام‘ کے تحت انسدادِ دہشتگردی کی مہم مکمل رفتار سے جاری ہے تاکہ ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔

Read Entire Article