Times of Pakistan

'شاہ رخ نے ایک بار بھی سوری نہیں کہا'، گلوکار ابھیجیت بھٹاچاریا کا شاہ رخ سے نیا شکوہ

1 hour ago 1
ARTICLE AD BOX

بولی ووڈ کے معروف پلے بیک سنگر ابھیجیت بھٹاچاریا نے ایک بار پھر کنگ خان کے ساتھ اپنے دیرینہ اختلافات پر خاموشی توڑ دی ہے۔

ندھی وسندانی کے پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے ابھِیجیت نے واضح کیا کہ ان کے درمیان دوری کی اصل وجہ ’شاہ رخ کی انا اور ان کی اپنی خودداری‘ ہے۔

ان کے مطابق سب سے زیادہ تکلیف دہ بات یہ تھی کہ شاہ رخ خان نے کبھی معافی نہیں مانگی۔

انہوں نے کہا، ’وہ اتنے بڑے انسان ہیں، لیکن ایک بار بھی سوری نہیں کہا۔ یہی بات مجھے سب سے زیادہ چبھتی ہے۔‘

کسی زمانے میں ابھیجیت شاہ رخ خان کی ’آواز‘ سمجھے جاتے تھے۔ ان دونوں کے درمیان دراڑ اس وقت پڑی جب 2004 کی بلاک بسٹر فلم ’میں ہوں نا‘ ریلیز ہوئی۔

ابھِیجیت کے مطابق، فلم کے اختتام پر جب کریڈٹ رول ہو رہے تھے تو اسپاٹ بوائے سے لے کر اسسٹنٹ ڈریس میکر تک سب کے نام دکھائے گئے، لیکن گلوکاروں کو نظر انداز کر دیا گیا۔

ابھِیجیت کا کہنا ہے کہ، ’جب میں نے دیکھا کہ وہ سیٹ پر چائے پلانے والے تک کا اعتراف کر رہے ہیں لیکن گلوکاروں کو وہ مقام نہیں دے رہے، تو مجھے شدید دکھ پہنچا۔‘

گلوکار نے شکوہ کیا کہ شاہ رخ خان نے اس ’بڑی غلطی‘ پر آج تک معافی نہیں مانگی۔ ابھیجیت نے واضح کیا کہ ان کا فیصلہ کسی غرور کی وجہ سے نہیں تھا بلکہ دل کی گہری چوٹ کا نتیجہ تھا۔

انہوں نے بتایا کہ ایک وقت ایسا بھی تھا جب وہ خود کو شاہ رخ خان کی آواز سمجھتے تھے اور دوسرے بڑے اداکاروں کے لیے گانے سے انکار کیا، تاکہ ان کی آواز صرف کنگ خان کے ساتھ جڑی رہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کئی مواقع پر وہ خود کو نظرانداز ہوتا محسوس کرتے تھے، حالانکہ وہ موجود ہوتے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ،وہ سب کو گلے لگا رہے تھے، میں بھی وہاں بیٹھا تھا، لیکن مجھے نہیں بلایا گیا۔ یہ بات دل کو لگی۔’

سنگر نے اس تاثر کو بھی مسترد کیا کہ وہ شاہ رخ خان کا نام شہرت کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ ان کے مطابق، ’لوگ کہتے ہیں میں ان کا نام استعمال کرتا ہوں، لیکن حقیقت یہ ہے کہ وہ میری آواز استعمال کرتے تھے۔‘

دلچسپ بات یہ ہے کہ اتنی تلخی کے باوجود ابھِیجیت نے صلح کا دروازہ مکمل بند نہیں کیا۔ انہوں نے کہا، ’اگر کبھی پیچ اپ ہوا تو شاہ رخ خان کو جس طرح کی آواز کی ضرورت ہے وہ کوئی اور نہیں دے سکتا۔ میں انہیں پہلے سے بھی بہتر آواز دے سکتا ہوں۔‘

یاد رہے کہ 1990 اور 2000 کی دہائی میں ابھیجیت بھٹاچاریہ شاہ رخ خان کی فلموں کی پہچان بن گئے تھے اور انہوں نے کئی ہٹ گانے دیے۔ تاہم 2009 میں فلم ’بلو‘ کے بعد دونوں کا ساتھ ختم ہو گیا۔

ابھِیجیت کا کہنا ہے کہ شاہ رخ خان نے فلم کے گانوں کی تشہیر کے دوران گلوکاروں کے بجائے اداکاروں پر زیادہ توجہ دی، جس سے ان کی عزتِ نفس کو ٹھیس پہنچی۔

Read Entire Article